وفاقی وزیر داخلہ سے لبنان کے ہم منصب کی ملاقات،سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ سکیورٹی تعاون، انسدادِ دہشت گردی اور باہمی تعلقات کے استحکام پر جامع بات چیت ہوئی۔

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ سکیورٹی تعاون، انسدادِ دہشت گردی اور باہمی تعلقات کے استحکام پر جامع بات چیت ہوئی۔

لبنانی وزیر داخلہ کی وزارتِ داخلہ آمد پر محسن نقوی نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جس کے بعد دونوں وزرا کے درمیان پہلے ون آن ون اور پھر وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔مذاکرات میں دہشت گردی، منشیات کی سمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز کے موثر سدباب کے لیے باہمی اشتراک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے دہشت گردوں اور ڈرگ مافیا کی سرکوبی کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ پولیس اکیڈمیز اور ٹریننگ پروگرامز کے لیے باہمی تعاون، علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

فریقین نے دونوں وزارتوں کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے لیے جلد ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے اور دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے باقاعدہ فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ انسدادِ منشیات کے شعبے میں موجودہ مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی جبکہ دونوں ممالک کےدرمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لبنانی ہم منصب کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پیشرفت دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کے نئے در وا کرے گی۔

دوسری جانب لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لبنان پاکستان کو ایک برادر ملک سمجھتا ہے اور باہمی مفادات، خصوصاً داخلی سکیورٹی کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔مذاکرات میں وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، سپیشل سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔