اسلام آباد ۔ 2 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بنانے کے خلاف سپریم کورٹ سے جلد رجوع کروں گا، ایک کرپٹ آدمی پارلیمنٹ کی سب سے بڑی کمیٹی کا چیئرمین نہیں بن سکتا، پارلیمنٹ کی بالادستی اسی صورت میں ہو گی جب پارلیمنٹ شہباز شریف جیسے کرپٹ لوگوں سے پاک …
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ”اے پی پی“ سے بات چیت
اسلام آباد ۔ 2 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بنانے کے خلاف سپریم کورٹ سے جلد رجوع کروں گا، ایک کرپٹ آدمی پارلیمنٹ کی سب سے بڑی کمیٹی کا چیئرمین نہیں بن سکتا، پارلیمنٹ کی بالادستی اسی صورت میں ہو گی جب پارلیمنٹ شہباز شریف جیسے کرپٹ لوگوں سے پاک ہو گی۔ بدھ کو ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کے وزیراعلی کی حیثیت سے قومی خزانے کو بے رحمی سے لوٹا‘ ان کے بیٹے حمزہ ‘ سلمان شہباز اور داماد عمران علی یوسف مبینہ طور پر پنجاب میں کرپشن کے کیسز میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عمران خان کی قیادت میں کسی کرپٹ آدمی کو نہیں چھوڑے گی خواہ اس کا تعلق اپوزیشن سے ہو یا حکومت سے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زرداری اور اس کے حواریوں نے بھی عوام کا بہت پیسہ لوٹا ہے، مستقبل قریب میں وہ جیل میں ہوں گے۔ مجھے بلاول سے ہمدردی ہے جو کہ اپنے والد کی وجہ سے ناکردہ گناہوں کی سزا پانے کے قریب ہے، سیاسی پنڈت کی حیثیت سے میں دو پیپلز پارٹیاں دیکھ رہا ہوں، ایک آصف زرداری اور دوسری بلاول بھٹو کی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان نے این آر او لینے کی بہت کوشش کی لیکن موجودہ حکومت عمران خان کی قیادت میں ان کو کبھی بھی این آر او نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عام آدمی کی زندگی بدلنے کیلئے کوئی بھی کسر نہیں چھوڑے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ یو اے ای کی اعلی شخصیت رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جس سے دونوں برادر ممالک کے مابین ترقی اور تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔









