عوام نے ہمیں لوگوں کی زندگی میں خوشگوار تبدیلی لانے، دہشت گردی سے پاک اور پر امن ملک بنانے ، معاشی ترقی لانے کے لیے ایوانوں تک پہنچایا ہے،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عوام نے خدمت کے لیے ہمیں منتخب کر کے صوبائی اسمبلیوں، قومی اسمبلی اور سینٹ تک پہنچایا ہے تا کہ ان کی امنگوں کے مطابق قانون سازی کر کے نہ صرف ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں بلکہ عوام کی زندگی میں آسانیاں لا سکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا …

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عوام نے خدمت کے لیے ہمیں منتخب کر کے صوبائی اسمبلیوں، قومی اسمبلی اور سینٹ تک پہنچایا ہے تا کہ ان کی امنگوں کے مطابق قانون سازی کر کے نہ صرف ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں بلکہ عوام کی زندگی میں آسانیاں لا سکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز، ارکان قومی اسمبلی اور خیبر پختونخواہ کے وزراءاور ارکان صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،جنہوں نے پارلیمنٹ ہاو¿س میں ان سے ملاقات کی۔ سپیکر نے کہا کہ عوام نے ہمیں اپنی زندگی میں خوشگوار تبدیلی لانے، دہشت گردی سے پاک اور پر امن ملک بنانے اور معاشی ترقی لانے کے لیے ایوانوں تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومیں ترقی نہیں کر سکیں جنہوں نے اپنی عوام کی زندگی کو خوشحال بنانے کے لیے ذرائع پیدا نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کے ذریعے چاروں صوبوں میں یکساں ترقی آئے گی اور روزگار کے مواقع میسر ہو ں گے۔ انہوں نے کہا کہ ارکانِ پارلیمنٹ اس منصوبے سے زیادہ سے زیادہ ثمرات حاصل کرنے کے لیے مرکزی اور صوبائی حکومتوں میں ذمہ داران کو اپنی اپنی تجاویز سے مطلع کریں تا کہ نچلی سطح تک خوشحالی اور ترقی دکھائی دے۔ اسد قیصر نے کہا کہ صوبوں کو ان کے جائز حقوق دینے سے چھوٹے صوبوں میں احساسِ محرومی کا تاثر زائل ہو گا اور ترقی کے سفر میں سب مل جل کر اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں اور خصوصاً خیبرپختون خواہ میں ایسا کوئی گھر نہیں جس میں مالی اور جانی طور پر قربانی کے نئے باب رقم نہ کئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ پوری قوم نے یک زبان ہو کر دہشتگردوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور آج پاکستان پوری دنیا میں ذمہ داراور امن دوست ملک کے طور پر جانا جاتا ہے۔ خیبر پختونخواہ کے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان نے اجلاس کے شرکاءکو خیبرپختونخواہ کو ملنے والے نیٹ ہائیڈل پاورپرافٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس کے شرکاءنے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں بے شمار سیاحتی مقامات موجود ہے اور صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے کے وافر مواقع موجود ہے تاہم حکومتی سطح پر اس شعبے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سپیکر کو قانون سازی سمیت صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں وزیرِ برائے مذہبی امور نور الحق قادری،قائد ایوان سینٹ سید شبلی فراز ،وزیر اعلی خیبرپختونخواہ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان،ممبران قومی اسمبلی علی خان جدون،محمد بشیر خان،حیدر علی خان،ملک انورتاج،صاحبزادہ سبغت اللہ، انجینر عثمان خان تراکئی،محمد یعقوب شیخ،محترمہ نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک،پرنس محمد نواز الائی،محمد اقبال خان،محتر مہ شاندانہ خان،ظل ہما،سینیٹر ز ایوب آفریدی،اورنگزیب خان،نعمان وزیر خان خٹک،محمد علی خان سیف،حاجی مومن خان آفریدی،ستارہ ایاز،ثمینہ سعید،سید زین اللہ شاہ و دیگر نے شرکت کی۔