اسلام آباد ۔ 8 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمنٹری کوآرڈینیشن ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں عبدالعلیم خان، جہانگیر خان ترین اور اعظم سواتی کے استعفے ایک جمہوری سیاسی جماعت کا حقیقی چہرہ اور اصل ثقافت کو واضح کرتے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کی …
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمنٹری کوآرڈینیشن ندیم افضل چن کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 8 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمنٹری کوآرڈینیشن ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں عبدالعلیم خان، جہانگیر خان ترین اور اعظم سواتی کے استعفے ایک جمہوری سیاسی جماعت کا حقیقی چہرہ اور اصل ثقافت کو واضح کرتے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کی حکومت کا بنیادی اصول تھا کہ جو بھی عوامی عہدہ رکھتا ہو اور اسے قومی احتساب بیورو (نیب) کے کیسز کا سامنا کرنا پڑے تو اسے اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین شہباز شریف کو بھی پی ٹی آئی کے رہنماﺅں کی پیروی کرنی چاہیئے اور اخلاقی طور پر خود ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیئے، شہباز شریف پر بڑے کرپشن کیسز کا الزام ہے اور اس سلسلے میں نیب اپنی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ایوان میں عوامی دلچسپی کے معاملات پر قانون سازی کرنا چاہتی ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں اس سلسلے میں کوئی تعاون نہیں کر رہیں، حکومت بدعنوان عناصر کے ان منفی ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہو گی اور بدعنوانی کے تمام کیسز کو پوری شفافیت سے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت کے تحت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر قسم کے سیاسی انتقام کے خلاف ہے اور اس بات کا واضح ثبوت یہ ہے کہ ملک بھر میں ایک بھی سیاسی قیدی موجود نہیں ہے۔








