ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کو کوئٹہ شہر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

کوئٹہ۔09فروری(اے پی پی ) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے، اس لئے کوئٹہ کو حقیقی معنوں میں لٹل پیرس بنانے کے لیے تاجروں سمیت زندگی کے تمام طبقات کے لوگ کوئٹہ میٹرو کارپوریشن کے عملے کے …

کوئٹہ۔09فروری(اے پی پی ) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے، اس لئے کوئٹہ کو حقیقی معنوں میں لٹل پیرس بنانے کے لیے تاجروں سمیت زندگی کے تمام طبقات کے لوگ کوئٹہ میٹرو کارپوریشن کے عملے کے ساتھ صفائی مہم کے دوران بھرپور تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتے کو ایڈمنسٹریٹرکوئٹہ میٹروپولٹن کارپوریشن غلام فاروق لانگو کے ہمراہ گوالمنڈی چوک، پشتون آباد، سیٹلائٹ ٹاون، کواری روڈ اور شہر کے دیگر علاقوں کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اس لیے اسے گندگی سے پاک کرنے اور حقیقی معنوں میں لٹل پیرس بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کے لوگوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ صفائی مہم اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے،انہوں نے کہا کہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور صفائی مہم کے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا میں بھرپور آگاہی مہم چلائیں اور اس ضمن میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان میٹروپولیٹن کارپوریشن کے رضاکاروں کے ساتھ ہر ممکن معاونت کریں گے قاسم خان سوری نے کہا کہ برساتی نالوں کے اوپر تجاوزات کو ختم کرنے، شہر میں کچرادانوں کی فوری صفائی اور کوئٹہ شہرو مضافاتی علاقوں میں کچرادانوں کے علاوہ کچرا پھینکنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے کو فوری طور پر یقینی بنائی جائے اور اس ضمن میں تمام طبقات کو ساتھ لیکر بھرپور انداز میں مہم چلائی جائیں۔