وفاقی وزیر مراد سعید کا ای۔کامرس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 9 فروری (اے پی پی)وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹ ای۔کامرس مارکیٹ میں تیزی سے قدم جما رہا ہے،ای کامرس سروس کے آغاز کے پہلے ہی روز 120 پارٹنر رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، تمام سروسز کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنا کر ادارے کوعنقریب ایک توانا اور منافع بخش ادارہ بنائیں کر دکھائیںگے، 52 ارب کے خسارے …

اسلام آباد ۔ 9 فروری (اے پی پی)وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹ ای۔کامرس مارکیٹ میں تیزی سے قدم جما رہا ہے،ای کامرس سروس کے آغاز کے پہلے ہی روز 120 پارٹنر رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، تمام سروسز کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنا کر ادارے کوعنقریب ایک توانا اور منافع بخش ادارہ بنائیں کر دکھائیںگے، 52 ارب کے خسارے اور پرانے انفراسٹرکچر کے ساتھ یہ ادارہ ملا ہے،آج گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں پاکستان پوسٹ کے ریونیو میں 184 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے، محنتی عملہ اور وسیع نیٹ ورک ، قوم ،میڈیا اور سٹیک ہولڈرزکے تعاون سے محصولات کو کئی گنا بڑھا کر پاکستان پوسٹ کو ملکی معیشت میں کردار ادا کرنے والا سب سے بڑا قومی ادارہ بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پوسٹل سٹاف کالج ای سی او ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ای۔کامرس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پوسٹ نے ای کامرس کے نام سے نئی سروس کا آغازکیا۔وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے ای۔کامرس سروس کا با ضابطہ افتتاح کیا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر پوسٹل سروسز نے کہا کہ عوام کی خدمت اور اس ملک کے تمام اداروں کی عزت اور وقار کو بحال کرنا ہمارا مشن ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پوسٹ اپنی سروسز کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتا ہوا اب ای۔کامرس کی مارکیٹ میں بھی تیزی سے قدم جما رہا ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ درست ہے کہ روایتی خط و کتابت میں عالمی سطح پر کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پوسٹل سیکٹر کو بے تحاشہ مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن دوسری طرف خوش آئند امر یہ ہے کہ پارسل میل کی مارکیٹ میں ساری دنیا میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ای ۔کامرس مارکیٹ کو خوب پھلنے پھولنے کا موقع مل رہا ہے اسی حقیقت کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان پوسٹ جس کے پاس ملک کے طول و عرض میں پھیلا ہوا ایک وسیع نیٹ ورک ہے جہاں روز ہزاروں صارفین کا گزر ہوتا ہے اور جہاں روز اربوں میں کیش کی ترسیل کے لیے ایک وسیع نظام بھی موجودہے نے بھیای۔کامرس کے میدان میں اپنا حصہ حاصل کرنے کیلئے پاکستان پوسٹ اپنے دستیاب وسائل اور صلاحیتوں کو برو ئے کار لاتے ہوئے اپنی مالی حالت کو بہتر سے بہتر بنا سکے۔وفاقی وزیر نے زور دیا کہ میں پاکستان کے عوام اور میڈیا سے وابستہ افراد کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ ادارہ (پاکستان پوسٹ)عنقریب اس ملک کا ایک توانا اور منافع بخش ادارہ بن کر رہے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس نئی سروس کے آغاز سے پاکستان پوسٹ گوناگوں معاشی سرگرمیوں کا حصہ بنے گا جو اس ادارے کی معاشی خود کفالت میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کی ای۔کامرس سروس کو زبر دست پذیرائی مل رہی ہے۔ ای کامرس سروس کے آغاز کے پہلے ہی دن 120 پارٹنر رجسٹرڈ ہوئے ہیں یہی رفتار رہی تو2020ءتک ای کامرس کا بزنس ایک ارب ڈالر تک ہو گا بلکہ کئی گنا زیادہ ہو گی۔ مراد سعید نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کا ویب پورٹل آن لائن بزنس کرنے والے کی مدد کرے گا۔انہوںنے کہا کہ ملک بھر میں پاکستان پوسٹ کے تمام آفسز میں آن لائن رجسٹرڈ کمپنیوں کے سیمپل کی نمائش کی جائے گی، نادرا کے تعاون سے15 ہزار نئے آﺅٹ لیٹس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پاکستان پوسٹ آفسز میں سامان بھیجنے کے عمل میں جدت لائی جائے گی،اب پرانے سسٹم کی بجائے نئے ڈبوں میں سامان پیک کیا جائے گا۔پاکستان پوسٹ سے کم سے کم نرخوں میں 50 ہزار تک کی رقم بھیجی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک دن میں پارسل ڈیلیوری کا آغاز ہو چکا ہے، تمام پارسلز کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے مربوط بنایا جائے گا۔ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق کفایت شعاری اور سادگی پر عمل پیرا ہیں۔پوسٹل ورکرزمیرا ساتھ دیں ان کی فلاح و بہبود میں بھی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ وزیر 3 گاڑیاں اور 1 لاکھ 46 ہزار ماہانہ اخراجات پاکستان پوسٹ سے کر رہا تھا جبکہ میں نے ابھی تک پاکستان پوسٹ کا 1 پیسہ بھی استعمال نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن شکایات کو خود دیکھتا ہوں،شکایات اور تجاویز پر آدھے گھنٹے میں رپورٹ طلب کی جاتی ہے جلدپاکستان پوسٹ خسارے سے نکل کر ملک کی معیشت میں کنٹریبیوٹ کرے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ ڈاکٹر نصیر احمد خان نے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر کی غیر معمولی متحرک قیادت میں پاکستان پوسٹ ترقی کے سفر پر گامزن رہے گا اور اس ادارے کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے اور معاشی خودکفالت کے راستے پر ڈالنے کے لیے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا۔