سعودی عرب خوشحالی کے سفر میں پاکستان کا شراکت دار ہے،،عبد الرزاق دائود

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) تجارت کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ پاکستان کی شرح نمو اورمعیشت کی ترقی کے لئے سعودی عرب کی سرمایہ کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ پیر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پاک سعودی عرب بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب خوشحالی کے سفر میں پاکستان کا شراکت …

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) تجارت کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ پاکستان کی شرح نمو اورمعیشت کی ترقی کے لئے سعودی عرب کی سرمایہ کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ پیر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پاک سعودی عرب بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب خوشحالی کے سفر میں پاکستان کا شراکت دار ہے۔ عبدالرزاق دائود نے کہاکہ سعودی سرمایہ کاروں کی طرف سے کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات مختلف سمت میں اورمختلف سطح پر آگے بڑھ رہے ہیں، پاکستان کے مختلف شعبوں میں سعودی عرب کی طرف سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے اعلان سے ہماری معیشت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو ان کے کاروباری منصوبوں میں ہر طرح کی ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر کے پہلے مرحلہ میں آئل ریفائننگ، پیٹروکیمیکل سمیت دیگر مختلف شعبہ جات میں 20 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کیلئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دونوں ممالک نے دستخط کئے ہیں جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا اور پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔ تجارت کے بارے میں سعودی عرب کے وزیر ماجد الکسابی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایک نئی اورمثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون کے فروغ سے معاشی ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ پاک سعودی عرب بزنس کانفرنس سے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین/ وزیر مملکت ہارون شریف نے بھی خطاب کیا اور سعودی عرب کے تجارتی وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ سیکریٹری سردار احمد نواز سکھیرا نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور سعودی تجارتی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کو مکمل آئینی اور قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات کی منتقلی کی مکمل آزادی ہے۔ انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں کو ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے سعودی سرمایہ کاروں نے توانائی، زراعت، سیاحت سمیت قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں