پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں عثمان ڈار،عمر سرفراز چیمہ اورریاض فتیانہ کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور اعتماد کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، حکومت پاکستان اور عوام سعودی ولی عہد کے سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے حکم کا خیرمقدم کرتے …

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور اعتماد کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، حکومت پاکستان اور عوام سعودی ولی عہد کے سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے حکم کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پیر کو ”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا ہے، کافی عرصہ سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی نظر نہیں آ رہی تھی تاہم اس دورہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 20 ارب ڈالر مالیت کے مختلف معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں جس سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دونوں ممالک کی ترقی کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے پاکستانی قیدیوں کے رہائی کے فیصلہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں یہ قابل تحسین فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ سعودی حکومت سے مل کر سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کارکنوں کے مسائل حل کریں گے، پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے سپریم رابطہ کونسل سے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان نوجوانوں اور کھیلوں سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے نوجوانوں کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نوجوانوں کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے کیونکہ ہمیں انتخابات میں نوجوانوں کے باعث کامیابی ملی۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا حکم اچھا قدم ہے، حکومت پاکستان اور پوری قوم ان کی شکرگزار ہے، سعودی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کی ذاتی درخواست پر ان قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی، پاکستان میں سرمایہ کاری سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مسلم امہ کی یکجہتی اور تنازعات کے حل کیلئے کلیدی کردار ادا کریں گے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین ریاض فتیانہ نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان گذشتہ کچھ عرصہ سے جاری سرد مہری ختم ہوئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی گرمجوشی کے مشرق وسطیٰ کی سیاست پر بھی اثرات مرتب ہوں گے، سعودی ولی عہد کے اس کامیاب دورہ کا کریڈٹ دونوں سیاسی اور عسکری قیادت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے جس سے معیشت مستحکم ہو گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستانی عازمین حج اور عمرہ کیلئے جانے والوں کیلئے مراعات کا اعلان کیا ہے، ویزا فیس کم کی ہے، اسی طرح سعودی عرب میں مقیم پاکستانی محنت کشوں کو بھی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اچھا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ذاتی تعلقات اور اعتماد سازی میں اضافہ ہوا ہے جو کہ ملک کے مفاد میں ہے، اس سے خطہ میں امن کو فروغ ملے گا۔

مزید خبریں