اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ واقعہ کے ایک ہفتہ بعد خود کش حملہ کی مذمت، واقعہ میں پاکستان کو ملوث کرنے کی تمام تر بھارتی کوششوں کو رد کر دیا

اقوام متحدہ ۔ 22 فروری (اے پی پی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ واقعہ کے ایک ہفتہ بعد جاری بیان میں خود کش حملہ کی مذمت کی ہے اور واقعہ میں پاکستان کو ملوث کرنے کی تمام تر بھارتی کوششوںکو رد کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 15 رکنی سلامتی کونسل مقبوضہ جموں و کشمیر میں خود کش حملہ کی پرزور …

اقوام متحدہ ۔ 22 فروری (اے پی پی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ واقعہ کے ایک ہفتہ بعد جاری بیان میں خود کش حملہ کی مذمت کی ہے اور واقعہ میں پاکستان کو ملوث کرنے کی تمام تر بھارتی کوششوںکو رد کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 15 رکنی سلامتی کونسل مقبوضہ جموں و کشمیر میں خود کش حملہ کی پرزور مذمت کرتی ہے جس میں 40 سے زائد بھارتی فوجی ہلاک جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ 14 فروری 2019ءکو ہونے والے حملہ کی ذمہ داری جیش محمد نے قبول کی تھی۔ سفارتی ذرائع نے ”اے پی پی“ کو بتایاکہ گزشتہ 6 دنوں کے دوران بھارت کی جانب سے سلامتی کونسل کے ارکان سے مسلسل کہا گیا کہ وہ اپنے بیان میں پاکستان کا نام شامل کریں لیکن پاکستانی سفارتکاروں کی کوشش سے بھارت کو اپنے مقصد میں کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔ سفارتی محاذ پر ناکامی کے بعد بھارت اب سلامتی کونسل کے بیان میں جیش محمد کے نام کو اپنی کامیابی گردانتا ہے لیکن سفارتی ماہرین نے کہا ہے کہ جیش پرپہلے سے ہی پاکستان میں پابندی ہے کیونکہ اقوام متحدہ نے اس تنظیم کو بلیک لسٹ میں شامل کررکھا ہے۔ ایک افریقی سفارتکار نے سوال کیا کہ اب بھارتی کس چیز کی خوشی منا رہے ہیں۔سلامتی کونسل کے بیان میں پلوامہ واقعہ کو دہشت گردی کی بجائے ایک خود کش حملہ قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کونسل کے اراکین دہشت گردی کی ہر طرح کی اقسام کی مذمت کرتے ہیں اور اس کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہیں کیونکہ اس سے بین الاقوامی سلامتی اور امن کو خدشات درپیش ہیں۔ سکیورٹی کونسل کے اراکین نے دہشت گردی کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرنے والے عناصر کے بارے میں کہا ہے کہ ان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

مزید خبریں

Leave a Reply