مالنگا کا آئندہ برس ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کا اعلان

81

جوہانسبرگ۔ 24 مارچ (اے پی پی) سری لنکن ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باﺅلر لاستھ مالنگا نے آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ مالنگا نے 2004ءمیں انہوں نے سری لنکا کی طرف سے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں اب تک 30 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 72 ٹی ٹونٹی میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ مالنگا منفرد باﺅلنگ ایکشن کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں اور انہوں نے متعدد بار اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مالنگا نے اپنے بیان میں کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی میرے لئے باعث اعزاز ہے اور میں اچھی یادوں کے ساتھ کرکٹ میدانوں سے رخصت ہونا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال ورلڈ ٹی ٹونٹی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دوں گا اور کیریئر کو آخری ٹورنامنٹ کو یادگار بنانے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ رواں سال انگلینڈ میں شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر سکتے ہیں تاہم اپنی کارکردگی اور فٹنس دیکھ کر حتمی فیصلہ کریں گے۔