اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کے عوام کےلئے نادرا کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، ایک لاکھ 80 ہزار شناختی کارڈز کا اجراءفوری طور پر کیا جائے گا، نادرا قبائلی علاقوں میں موبائل شناختی کارڈ دفاتر قائم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پی ٹی ایم کے اراکین اسمبلی سے …
وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کی پی ٹی ایم کے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کے عوام کےلئے نادرا کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، ایک لاکھ 80 ہزار شناختی کارڈز کا اجراءفوری طور پر کیا جائے گا، نادرا قبائلی علاقوں میں موبائل شناختی کارڈ دفاتر قائم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پی ٹی ایم کے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی علی وزیر اور محسن داوڑ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے عوام کے مسائل حل کرنے کےلئے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔ وزیرستان کے عوام کے مسائل بلا تفریق حل کئے جائیں گے، حکومت وزیرستان کے عوام کے مسائل کےلئے خصوصی اقدامات کرے گی اور ترجیحی بنیادوں پر وزیرستان کے عوام کے مسائل کو حل کیا جائے گا، وزیرستان کے عوام کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا، وفاقی حکومت اس حوالہ سے اہم فیصلے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی ادارے وزیرستان کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ نادرا وزیرستان کے عوام کی سہولت کےلئے موبائل شناختی کارڈ یونٹ اور دفاتر قائم کرے۔ وزیرستان کے روکے گئے ایک لاکھ 80 ہزار شناختی کارڈز کو بحال کر دیا گیا ہے مزید ایک لاکھ 55 ہزار روکے ہوئے شناختی کارڈز کی بحالی کا فیصلہ جلد کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ اور امیگریشن ڈیپارٹمنٹس بھی شمالی اور جنوبی وزیرستان میں موبائل دفاتر قائم کریں۔ وزیر داخلہ نے وزیرستان میں تھری جی موبائل فون ٹیکنالوجی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موبائل دفاتر میں مقامی نوجوانوں اور خواتین کو بھرتی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ماضی میں نظرانداز کئے جانے والے افراد کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے ان کےلئے کام کرے۔ انہوں نے پی ٹی ایم کے اراکین اسمبلی کو وزیرستان کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ قبائلی علاقوں کے عوام کے مطالبات کی حمایت کی ہے۔ قبائلی عوام نے دہشت گردی کے خاتمہ کےلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں، حکومت نے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔








