وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کا اسلام آباد چیمبر کے زیر اہتمام تاجر کنونشن سے خطاب

اسلام آباد ۔ 28 مارچ (اے پی پی)وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منصفانہ قانون کرایہ داری کیلئے مالکان اور تاجروں سمیت تمام شراکت داروں کی مکمل مشاورت سے بل تیار کرکے جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، فلیٹ ٹیکس سکیم کی تیاری کا کام حتمی مرحلہ میں ہے جس سے تاجروں کو سہولت ہو گی، گذشتہ حکومت نے انتخابات …

اسلام آباد ۔ 28 مارچ (اے پی پی)وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منصفانہ قانون کرایہ داری کیلئے مالکان اور تاجروں سمیت تمام شراکت داروں کی مکمل مشاورت سے بل تیار کرکے جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، فلیٹ ٹیکس سکیم کی تیاری کا کام حتمی مرحلہ میں ہے جس سے تاجروں کو سہولت ہو گی، گذشتہ حکومت نے انتخابات میں اپنی سیاست چمکانے کیلئے ملکی معیشت کو داﺅ پر لگایا، موجودہ حکومت کے اقدامات کی بدولت درآمدات اور خساروں میں واضح کمی اور معیشت میں استحکام آیا ہے، اب ہم پائیدار گروتھ کی جانب پیشرفت کریں گے۔ وہ جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تاجر کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز، اسلام آباد چیمبر کے صدر احمد حسن مغل اور دیگر تاجر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد کو منصفانہ قانون کرایہ داری کی ضرورت ہے، اس حوالہ سے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے ماضی میں جدوجہد کی گئی لیکن اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے اس جانب پیشرفت نہ ہو سکی تاہم اب ہماری حکومت موجود ہے اور اسلام آباد سے تین منتخب نمائندے بھی پاکستان تحریک انصاف کے ہیں اس لئے امید ہے کہ یہ مسئلہ حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کرایہ داری کے مسودہ کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور کرایہ داروں اور مالکان سمیت تمام شراکت داروں سے مشاورت مکمل کرکے بل جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کرایہ دار اور مالکان دونوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، گذشتہ ایک ماہ سے تاجر تنظیموں اور رہنماﺅں کے ساتھ رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فلیٹ ٹیکس سکیم متعارف کرائی جائے گی جبکہ ٹیکس کے نظام کو آسان اور مزید بہتر بنایا جائے گا، اس حوالہ سے کام حتمی مرحلہ میں ہے جو اگلے 2 ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد اس سکیم کا اجراءکر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بعد اس سکیم کا دائرہ پورے ملک تک بڑھایا جائے گا جس سے کاروباری طبقہ اور بالخصوص چھوٹے تاجر مستفید ہوں گے، اس سکیم سے تاجروں کی رجسٹریشن ہو سکے گی جس سے ان کی شکایات کا ازالہ کرنا آسان ہو جائے گا۔ حماد اظہر نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کر رہے ہیں، فائلرز کیلئے کاروبار کو آسان کرنے کے ساتھ ساتھ رعایتیں دی گئی ہیں، مالی گنجائش بڑھنے سے مزید سہولیات بھی دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم درآمدات کو کم کرنے اور ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کیلئے کام کر رہے ہیں جس سے پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر بوجھ کم ہو گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جن حالات پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی وہ سب کے سامنے ہے، گذشتہ حکومت نے انتخابات میں اپنی سیاست چمکانے کیلئے ملکی معیشت کو داﺅ پر لگایا جس کا مالی خسارہ، زرمبادلہ کے ذخائر اور دیگر اقتصادی اشاریوں پر منفی اثر پڑا، موجودہ حکومت کے اقدامات کی بدولت درآمدات اور خساروں میں واضح کمی اور معیشت میں استحکام آیا ہے، اب ہم گروتھ کی جانب پیشرفت کریں گے، یہ گروتھ خساروں، درآمدات، قرضوں اور کرنسی چھاپنے پر مبنی نہیں ہو گی بلکہ یہ حقیقی معنوں میں گروتھ ہو گی جیسی ملائیشیا، جنوبی کوریا، چین اور بنگلہ دیش میں دیکھی گئی ہے، اس سے کاروبار ترقی کرے گا اور لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کی ہے، منصفانہ قانون کرایہ داری ان کا دیرینہ مطالبہ ہے جسے نافذ کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ اس مسئلہ پر تاجروں اور مالکان کی کمیٹی تشکیل دی جائے جو باہمی گفت و شنید کے ذریعے مسودہ تیار کرے جسے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تاجروں کے تمام مسائل حل کرے گی۔ قبل ازیں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے اسلام آباد میں منصفانہ قانون کرایہ داری نہ ہونے کی وجہ سے تاجروں کو درپیش مسائل کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ منصفانہ قانون کرایہ داری مالکان اور تاجروں دونوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر اعتماد ہے اور اس سے ان کی امیدیں وابستہ ہیں، اسلام آباد میں منصفانہ قانون کرایہ داری نافذ کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر تاجر رہنما اجمل بلوچ، ندیم گجر اور عامر شیخ نے بھی خطاب کیا۔

مزید خبریں

Leave a Reply