وزیراعظم عمران خان کا قومی داخلی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 28 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جو قوم کے عزم کی آئینہ دار اور ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی متفقہ دستاویز ہے۔ حکومت پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے …

اسلام آباد ۔ 28 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جو قوم کے عزم کی آئینہ دار اور ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی متفقہ دستاویز ہے۔ حکومت پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو قومی داخلی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی، ڈی جی آئی ایس آئی، صوبوں کے چیف سیکریٹریز، آئی جیز، صوبائی سیکریٹریز اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے۔ مسلح افواج، انٹیلی جنس اداروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گراں قدر قربانیوں کے نتیجے میں ہم نے دہشت گردی کے انسداد اور پائیدار امن کو یقینی بنانے میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ عمران خان نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان کسی شدت پسند گروپ کو ملک میں فعال ہونے یا پاکستان کے اندر یا باہر کسی مسلح سرگرمی کے لئے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہے۔ شدت پسندی سے نبرد آزما ہونے، دہشت گردی کے لئے سرمایہ کی فراہمی کی روک تھام، منی لانڈرنگ اور حوالہ، ہنڈی وغیرہ کو روکنے کے لئے موجودہ حکومت نے مختلف قانونی اور انتظامی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے اس جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے مسلسل اور پائیدار عملی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے اجلاس کو ایف اے ٹی ایف سے متعلق امور اور ایشیاء۔ پیسیفک گروپ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ سیکریٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلمان خان نے اجلاس کے شرکاءکو نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا اور سائبر سیکورٹی، منی لانڈرنگ، مدرسہ اصلاحات کے ایشوز اور پلان کے کامیاب نفاذ کی راہ میں حائل مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے بارے میں کوششوں کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں متعلقہ اداروں اور محکموں کے مابین ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے حوالے سے وزارت داخلہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے ہر پہلو پر عمل درآمد اور بھرپور ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لئے ایکسپرٹس ورکنگ گروپس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔

مزید خبریں

Leave a Reply