گوادر ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے گوادر کے لوگوں کوہیلتھ کارڈ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر کی ترقی نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی ترقی ہے ، گوادر سے کوئٹہ تک ریل اور کراچی سے گوادرتک مسافر و مال بردار فیری سروس شروع کی جائے گی، ماضی کے برعکس اب مقامی معدنیات کا فائدہ مقامی لوگوں کو دیا جائے گا، …
وزیراعظم عمران خان کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ گوادرکی افتتاحی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
گوادر ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے گوادر کے لوگوں کوہیلتھ کارڈ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر کی ترقی نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی ترقی ہے ، گوادر سے کوئٹہ تک ریل اور کراچی سے گوادرتک مسافر و مال بردار فیری سروس شروع کی جائے گی، ماضی کے برعکس اب مقامی معدنیات کا فائدہ مقامی لوگوں کو دیا جائے گا، گوادر کے پورے علاقے کو قومی گرڈ سے منسلک کریں گے ۔وہ جمعہ کو بین الاقوامی ہوائی اڈہ گوادرکی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ،وفاقی وزیر ہوا بازی میاں محمد سومرو ،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ،چین کے سفیر یاﺅ جنگ ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات خسرو بختیار ،اراکین پارلیمنٹ ،اعلی فوجی و سول حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے گوادر آکر خوشی ہورہی ہے ،آنے والے دنوں میں گوادر ترقی کریگا تو پوری دنیا اس سے فائدہ اٹھائے گی ۔انہوں نے چین کے سفیر اور چین کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ گوادر کے لئے چینی حکومت نے گرانٹ دی ہے جس سے یہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ مکمل ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گوادر میں مچھلیاں پکڑنے والے خوف کا شکار تھے کہ ایکسپریس وے بہتر نہ ہونے کی وجہ سے وہ کیسے سمندر تک پہنچیں گے ،اب انھیں پریشیان ہونے کی ضرورت نہیں، گوادر ایکسپریس وے کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ جہاں ضرورت ہوگی پل بنا کر رکاوٹیں دور کی جائیں گی تا کہ مچھلیاں پکڑنے والے بروقت سمندر اور منڈیوں تک پہنچ سکیں ۔انہوں نے کہا کہ ایسی ترقی جس کا مقامی لوگوں کو فائدہ نہ ہو وہ حقیقی ترقی نہیں ہوتی ،ماضی میں بلوچستان میں ترقی ہوئی لیکن مقامی لوگوں کو اس کا فائدہ نہیں ہوا، جہاں سے اربوں روپے کی سوئی گیس نکلی وہاں کے لوگوں کی زندگیاں نہیں بدل سکیں لیکن اب نئے پاکستان میں ایسا نہیں چلے گا جس علاقے سے معدنیات نکلیں گی وہاں کے مقامی لوکوں کو فائدہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ چین کے اشتراک سے گوادر ہسپتال کی اپ گریڈیشن اورمقامی لوگوں کی سکل بڑھانے کے لئے اقدامات خوش آئند ہیں اس سے مقامی لوگوں کو آنے والے روزگار کے مواقع سے استفادہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور مقامی لوگوں کو اس ترقی کا فائدہ ہوسکے گا ۔انہوں نے کہا کہ گوادر کے لوگوں کو وفاقی حکومت کی جانب سے انصاف ہیلتھ کارڈ دیئے جائےں گے ،ہیلتھ کارڈ کے زریعے گوادر کے لوگوں کو 7لاکھ 20ہزار روپے تک کاعلاج کسی بھی ہسپتال میں کرانے کی سہولت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ گوادر کے علاقوں کی بجلی قومی گرڈ کے ساتھ منسلک نہیں تھی اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ گوادر اور دیگر مغربی علاقوں کو قومی گرڈ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ شارجہ اور دوبئی طرز کے کھارے پانی کو صاف کرنے کے لئے پلانٹس کی تنصیب ،گندگی کی ری سائیکلنگ اور پاور سٹیشن کے لئے کام کر رہے ہیں،ہماری یہ کوشش ہے کہ ان علاقوں میں بغیر کسی رکاوٹ اور تعطل کے پانی اور بجلی فراہم ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت گوادر بندرگاہ اتھارٹی 10لاکھ پودے لگائے گی ۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو بھی گوادر ساتھ لائے ہیں ،گوادرسے کوئٹہ تک ریلوے ٹریک بچھانا چاہتے ہیں ،دنیا بھر میں ریلوے بہترین سفری سہولت ہے ،دنیا میں ریلوے نیٹ ورک وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا ہے لیکن پاکستان واحد ملک ہے جہاں ریلوے کا نیٹ ورک کم ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریلوے کے شعبے کی ترقی پر تمام تر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ،چین جو کہ ٹرین ٹیکنالوجی میں سب سے آگے ہے اس کی بھی مدد حاصل کی جائے گی ،کراچی سے لاہور چینی ٹرین پر سفر ہو تو چار گھنٹے میں منزل تک پہنچ سکتے ہیں ،ایسا ہی نظام پاکستان میں بھی لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا مغربی روٹ جو خوابوں میں تھا آج کوئٹہ سے ژوب 305کلومیٹر شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھا ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پہلی مرتبہ گوادر آیا ہوں ،خوش ہوں کہ گوادر جیسا مقام ہے دنیا میں کم ہی ایسے مقامات ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی صرف گوادر یا بلوچستان کی ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ترقی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ریلوے ٹیکنالوجیز ،زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لئے اپریل میں چین کا دورہ کر رہا ہوں ۔








