موجودہ حکومت غریب اور مستحق طلبہ کو وظائف دے رہی ہے، میاں فرخ حبیب

فیصل آباد اپریل 02 (اے پی پی): وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت غریب اور مستحق طلبہ کی مالی مشکلات کو کم کرنے کیلئے انہیں وظائف دے رہی ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم کو جاری رکھ سکیں اور پڑھ لکھ کر ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں پاکستان بیت المال …

فیصل آباد اپریل 02 (اے پی پی): وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت غریب اور مستحق طلبہ کی مالی مشکلات کو کم کرنے کیلئے انہیں وظائف دے رہی ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم کو جاری رکھ سکیں اور پڑھ لکھ کر ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں پاکستان بیت المال کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم، صحت کی سہولتیں اور انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی 60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اگر ہم انہیں اعلیٰ تعلیم اور فنی تربیت سے آراستہ کر لیں تو یہ ہمارے ملک کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کی سب سے پہلی اور اولین شرط محنت ہے۔ لہٰذا طلبہ کو چاہیے کہ وہ حالات کے تقاضے کے مطابق اعلیٰ تعلیم اور فنی تربیت حاصل کریں تاکہ وہ نوکریاں ڈھونڈنے کی بجائے نوکریاں بانٹنے والے بن جائیں۔ پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے کہا کہ بیت المال غریب اور مستحق طلبہ کو تعلیمی وظائف مہیا کررہا ہے تاکہ وہ مالی مشکلات کی وجہ سے اپنی تعلیم ادھوری نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال نے ملک کی 82 یونیورسٹیوں کو خطوط ارسال کردیئے ہیں کہ وہ اپنے غریب اور مستحق طلبہ کی نشاندہی کریں تاکہ انہیں تعلیمی وظائف فراہم کیے جاسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان بیت المال1500طلبہ کی ٹیوشن فیس ادا کررہا ہے جو ملک کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کم از کم کسی ایک شعبے میں مہارت حاصل کرلیں اور پھر دیکھیں کہ عملی زندگی میں کامیابی کیسے ان کے قدم چومتی ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور بتایا کہ غربت اور بےروزگاری کے مسئلے پر اس وقت تک قابو نہیں پایا جاسکتا جب تک ہم اپنے نوجوانوں کو زیور تعلیم اور فنی تربیت سے آراستہ نہیں کرلیتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں زیادہ تر لوگ سطح غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ اس لئے یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم معاشرے کے پسماندہ طبقات کے طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کرسکیں۔ بعد ازاں پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے جبکہ اس موقع پر ہارٹ سیور فاﺅنڈیشن کی طرف سے یونیورسٹی کے 100معذور طلبہ میں ویل چیئرز بھی تقسیم کی گئیں۔

Leave a Reply