اسلام آباد ۔ 24 اپریل (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے معاشی تعاون کو فروغ دینے کیلئے فرانس کے تجارتی وفود کو پاکستان بھیجنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی سطح پر بھی تعلقات کو مزید مربوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرانس پاکستان بین الپارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ اور فرانس کی سینیٹ کی خارجہ …
معاشی تعاون کو فروغ دینے کیلئے فرانس تجارتی وفود کو پاکستان بھیجے،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 اپریل (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے معاشی تعاون کو فروغ دینے کیلئے فرانس کے تجارتی وفود کو پاکستان بھیجنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی سطح پر بھی تعلقات کو مزید مربوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرانس پاکستان بین الپارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ اور فرانس کی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے صدر پاسکل علیزرڈ کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے فرانسیسی وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ فرانس کے پارلیمانی وفد نے گوادر میں منعقدہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی خصوصی امور کی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی جس پر ہم فرانس کے شکر گزار ہیں۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل سینیٹ امجد پرویز ملک بھی موجود تھے۔ ادارہ جاتی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ اور پارلیمانی سروسز کو مزید فعال بنانے کیلئے فرانس کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فرانسیسی وفد کے سربراہ نے پرتپاک استقبال پر چیئرمین سینیٹ اور سیکرٹری جنرل سینیٹ امجد پرویز ملک کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر پاسکل علیزرڈ نے کہا کہ گوادر میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت ایک خوشگوار تجربہ تھا، فرانس پاکستان اور گوادر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فرانسیسی کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطہ اور عالمی امن کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فرانس نے ہمیشہ کشمیر کے معاملہ پر آواز اٹھائی ہے۔ فرانس کے وفد کے سربراہ نے پاکستان کی امن کی کوششوں کو سراہا۔








