وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی میڈیا سے گفتگو

سیالکوٹ ۔ 19مئی (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ افطار ڈنر کی آڑ میں مک مکا کےلئے چور دروازہ ڈھونڈاجارہا ہے، ایک دوسرے پر کرپشن کے الزام لگانے والے آج کس کےلئے گٹھ جوڑ کر رہے ہیں، عوامی مفاد کی آڑ میں اپنے مفادات کےلئے مک مکاﺅ اور گٹھ جوڑ سب کے سامنے آرہا ہے، سیاسی بہروپیوں کے …

سیالکوٹ ۔ 19مئی (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ افطار ڈنر کی آڑ میں مک مکا کےلئے چور دروازہ ڈھونڈاجارہا ہے، ایک دوسرے پر کرپشن کے الزام لگانے والے آج کس کےلئے گٹھ جوڑ کر رہے ہیں، عوامی مفاد کی آڑ میں اپنے مفادات کےلئے مک مکاﺅ اور گٹھ جوڑ سب کے سامنے آرہا ہے، سیاسی بہروپیوں کے اکٹھ نے وزیر اعظم عمران خان کے بیانے کو سچ ثابت کردیا، ملک کو قرضون کی دلدل میں چھوڑ کر جانے والے کس منہ سے ملک مسائل کی بات کرتے ہیں، قوم 35سالوں کا حساب مانگ رہی ہے ،میڈیا ملک میں افراتفری پھیلانے والے اس ٹولے سے قوم کا حساب مانگے،وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے استحکام کےلئے پر عزم ہیں، عمران خان کی قیادت میں پاکستانی قوم خوشحالی کی منزلیں طے کرے گی اور اندھیرے ختم ہوں گے ۔ہفتہ کو سیالکو ٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان بھر میں میڈیا کے اندر ایک بھونچال طاری ہے، میں میڈیا کے توسط سے ان جماعتوں کے لیڈران سے یہ پوچھنا چاہتی ہوں کہ ان خاندانوں کا گٹھ جوڑ اور ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑ کر پیسے نکالنے کے دعوے ، ایک زرداری سب پہ بھاری کا نعرہ اور ایک دوسرے کے بیانیے کے ساتھ گتھم گتھا دونوں سیاسی جماعتوں کی قیادتیں پاکستان کی 22 کروڑ عوام کو بیوقوف بنانے میں مصروف عمل تھیں، آج بالآخر اس نورا کشتی کا اختتام ہوا اور وزیراعظم عمران خان کا وہ بیانیہ جسے وہ پاکستانی عوام کے سامنے ہمیشہ رکھتے رہے کہ ان دونوں جماعتوں کا گٹھ جوڑ اور مک مکا کی سیاست ہے اور یہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کرنا اور ایک دوسرے کی کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کو سپورٹ کریں گی اور آخرکار افطاری کی آڑ میں گٹھ جوڑ، مک مکا اور عوامی مفادات کی آڑ میں اپنے سیاسی مفادات کا تحفظ اور نیب کے کیسز پر دباﺅ کے مختلف طریقے اپناتے ہوئے راہ فرار کا چور دروازہ ڈھونڈا جا رہا ہے، اپوزیشن کی تمام تر کوششوں اور منفی ہتھکنڈوں کے باوجود وزیراعظم عمران خان پاکستان کے استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے جو خود کش حملے کیے اور پاکستان کے بچے بچے کو مقروض کر دیا اور 31000 ارب کے قرضوں میں ملکی معیشت کو تباہ کر کے جانے والوں ،مہنگائی، بےروزگاری اور پاکستان کو درپیش مشکلات اور مجموعی طور پر تباہ شدہ معاشی صورتحال کے ذمہ داروں کا تعین ہونا اشد ضروری ہے، 8 مہینوں کی حکومت یقیناً اس صورتحال کی ذمہ دار نہیں ہو سکتی، البتہ وزیراعظم عمران خان ان دونوں جماعتوں کے دئیے ہوئے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے اس ملک کے عوام کے کندھے کے ساتھ کندھا ملا کے کھڑے ہیں اور عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اس بات کی طرف بھی نشاندہی ہو جائے گی کہ پاکستان کے قومی مفادات، ملکی مفادات اور مجموعی طور پر عوامی مفادات کے ساتھ کون سا لیڈر کھڑا ہے اور کس کا اوڑھنا بچھونا صرف اپنے سیاسی مفادات کا تحفظ ہے، آج پاکستان کے عوام ان سیاسی بہروپیوں کے اصل چہرے بھی پہچان جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے حمزہ شہباز شریف سے بھی ہمدردی ہے جو وزیراعظم عمران خان پر تابڑ توڑ حملے کر کے ان کی قیادت اور قائدانہ صلاحیتوں پر انگلیاں اٹھا رہا تھا لیکن آج مریم نواز اس وفد کی قیادت کر کے بلاول بھٹو زرداری کی افظاری میں گئیں جس کا مطلب ہے کہ حمزہ شہباز شریف کا بیانیہ اسکی اپنی جماعت اور اس کے اپنے گھر میں بھی نہیں مانا جا رہا اور وہاں بھی اس کے بیانیے کو کوئی پذیرائی حاصل نہیں ہے لہٰذا عوام کوئی چینل یا میڈیا حمزہ شہباز شریف کے بیانیے کو کیسے قبول کرے گا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ سیاسی بہروپیوں کے گٹھ جوڑ نے وزیراعظم عمران خان کے بیانیے کو سچ ثابت کر دیا ہے اور یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایماندار لیڈر ہیں جن کے دل میں پاکستان اور پاکستان کے عوام کا درد ہے جو ملک و قوم کے ساتھ مخلص ہیں اور عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہر وہ فیصلہ کر رہے ہیں اور وہ قدم اٹھا رہے ہیں جو ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس ”ابو بچاﺅ افطاری“ سے لاتعلقی کا اظہار کریں گے اور اس ”ابو بچاﺅ افطاری“ کی آڑ میں انکے ذاتی مفادات کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے کیونکہ ایک طرف ملک و قوم کو لوٹنے والا یہ کرپٹ ٹولا ہے اور دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کی ایماندار اور دیانتدار قیادت جو ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کا عزم لیے آگے بڑھ رہے ہیں اور ہم پرعزم ہیں کہ ان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت میں بہت جلد کامیاب ہوں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ہی اس قوم کے لیے امید کا واحد روشن چراغ ہیں اور اس چراغ کو روشن رکھ کر ہی پاکستان سے کرپشن، بے روزگاری اور مہنگائی کے اندھیروں کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں میڈیا سے اپیل کرتی ہوں کہ اس ملک کو انتشار، عدم استحکام اور افراتفری کی طرف دھکیلنے والے اس ٹولے کو میڈیا کی طرف سے بھی ایک موثر جواب آنا چاہیئے اور میڈیا کو چاہیے کہ جو لوگ ملک کی حالیہ موجودہ معاشی صورتحال کے ذمہ دار ہیں ان سے جواب طلب کرے تاکہ عوام کے سامنے ان کا اصل چہرہ بے نقاب ہو سکے۔

مزید خبریں

Leave a Reply