اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے 280 ارب روپے کا پانچ سالہ پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ اس شعبہ کی کارکردگی میں اضافہ کو یقینی بنایا جا سکے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2019-20ءکا بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ پانی سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے پانی کے بنیادی ڈھانچہ کو …
زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے 280 ارب روپے کا پانچ سالہ پروگرام شروع کیا جائے گا‘ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے 280 ارب روپے کا پانچ سالہ پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ اس شعبہ کی کارکردگی میں اضافہ کو یقینی بنایا جا سکے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2019-20ءکا بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ پانی سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے پانی کے بنیادی ڈھانچہ کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ آبپاشی کے پانی کی بچت کی جا سکے جس کیلئے 218 ارب کے منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گندم، چاول، گنے اور کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے 44.8 ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مچھلی کی استعداد سے استفادہ کرنے کیلئے کیکڑے اور ٹھنڈے پانی کی ٹراﺅٹ کی فارمنگ کے منصوبوں کیلئے 9.3 ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کیلئے گھریلو مرغ بانی اور بھینس کے بچے کو پالنے کی حوصلہ افزائی کیلئے 5.6 ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔ آئندہ مالی سال 2019-20ءکے بجٹ میں زرعی شعبہ کی ترقی کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ کاشتکاروں کو زرعی ٹیوب ویلوں پر 6.85 روپے فی یونٹ کے حساب سے رعایتی بجلی فراہم کی جائے گی۔








