سینئر وزیر سیاحت و ثقافت خیبر پختوخوا کی آرٹ گیلری اور ثقافتی مرکز کا پی سی ون جلد تیار کرنے کی ہدایت

پشاور۔25 جولائی (اے پی پی)خیبر پختوخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت و ثقافت محمد عاطف خان نے پشاور میں آرٹ گیلری اور مردان میں ثقافتی مرکز کے قیام کے لئے جلد پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے سینئر وزیر کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سیاحت و ثقافت کامران رحمان، ڈائریکٹر کلچر محمد نواز خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریاض …

پشاور۔25 جولائی (اے پی پی)خیبر پختوخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت و ثقافت محمد عاطف خان نے پشاور میں آرٹ گیلری اور مردان میں ثقافتی مرکز کے قیام کے لئے جلد پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے سینئر وزیر کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سیاحت و ثقافت کامران رحمان، ڈائریکٹر کلچر محمد نواز خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریاض خان سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر وزیر کو آرٹ گیلری پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہیں گیلری کا ڈیزائن بھی دکھایا گیا۔ سینئر وزیر نے محکمہ ثقافت کے حکام کو ہدایت کی کہ آرٹ گیلری کی عمارت سٹیٹ آف دی آرٹ ہونی چاہئیے جو ہمارے صوبے کی ثقافت کی نمائندگی کرتا ہو۔ سینئر وزیر نے آرٹ گیلری میں آرٹ سے متعلق تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آرٹ گیلری کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے سمیت نیا ٹیلنٹ سامنے لانا اور اپنی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردان میں ثقافتی مرکز بنانے کے لئے 20 کنال اراضی حاصل کی گئی ہے وہاں پر پشاور نشتر ہال کی طرز پر ثقافتی مرکز بنایا جائے گا۔ وزیر ثقافت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مردان میں ثقافتی مرکز بنانے کے لئے جلد ازجلد پی سی ون تیار کرکے اس پر کام شروع کیا جائے جبکہ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ثقافتی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کے نوجوانوں میں کافی صلاحیت موجود ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں مواقع فراہم کئے جائےں اور موجودہ حکومت نوجوانوں کو یہ مواقع فراہم کر رہی ہے۔

مزید خبریں