وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی جاپانی سفیرکونی نوری مستودا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے جاپان کی گہری دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اس میں وسعت کیلئے وہ اپنا کردار اور تعاون جاری رکھیں گے، حکومت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے گرے لسٹ سے نکلنے …

اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے جاپان کی گہری دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اس میں وسعت کیلئے وہ اپنا کردار اور تعاون جاری رکھیں گے، حکومت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کر رہی ہیں، دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے انسداد و خاتمہ کیلئے پاکستان کی سخت محنت اور کوششوں کا امریکہ نے بھی اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں پاکستان میں جاپان کے سفیرکونی نوری مستودا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پاکستان اور جاپان دونوں کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی تعلقات کو باہمی استفادہ اور معاونتی اقدامات کے ذریعے مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ جاپانی سفیر نے وزیراعظم کے مشیر کو حکومت کی مالیاتی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں پاکستان اورجاپان کے درمیان تعاون کی سطح بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیراعظم کے مشیر کو بتایا کہ اس وقت جاپان اور بین الاقوامی ترقی کیلئے جاپان کا ادارہ جائیکا سماجی ترقی کے پروگراموں، انسداد دہشت گردی کی سرگرمیوں میں تکنیکی معاونت اور صحت عامہ کے شعبوں میں پاکستان کی حکومت کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں جاپانی سرمایہ کار پاکستان میں ادویات سازی، خوراک اور زرعی شعبوں میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ جاپان کے سفیر نے بتایا کہ نئے تجارتی مواقع کی تلاش کیلئے وہ پاکستانی تجارتی وفد کو دورہ جاپان کی دعوت دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے جاپان کی گہری دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ جاپان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اس میں وسعت کیلئے وہ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم کے مشیر نے جاپان کے سفیر کو وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ اپنے دورہ امریکہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جاپانی سفیر کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ماضی کے برعکس وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کر رہی ہیں، اس ضمن میں دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے انسداد و خاتمہ کیلئے پاکستان کی سخت محنت اور کوششوں کا امریکہ نے بھی اعتراف کیا ہے۔ ملاقات کے دوران جاپان کے سفیر نے وزیراعظم کے مشیر کو بتایا کہ جائیکا پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو نئے مرحلہ میں لے جانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان علاقائی تجارت کے فروغ میں پاکستان ایک گیٹ وے کا کردار ادا کر سکتا ہے۔