بھارت ایک کاغذ سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم نہیں کرسکتا،رکن قومی اسمبلی راجہ عامر کیانی

اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل، رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر راجہ عامر کیانی نے کہا ہے کہ بھارت ایک کاغذ سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم نہیں کرسکتا،اس حوالے سے حکومت کی پالیسی بڑی واضح ہے،مسئلہ کشمیر پر اپوزیشن لیڈر کے پاس یکجہتی کے کوئی الفاظ نہ تھے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے …

اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل، رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر راجہ عامر کیانی نے کہا ہے کہ بھارت ایک کاغذ سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم نہیں کرسکتا،اس حوالے سے حکومت کی پالیسی بڑی واضح ہے،مسئلہ کشمیر پر اپوزیشن لیڈر کے پاس یکجہتی کے کوئی الفاظ نہ تھے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ عامر کیانی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں نیوکلیئر ممالک ہیں، جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، دونوں ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھ سکتے ہیں، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن بھارت اسے سبوتاژ کر رہا ہے۔راجہ عامر کیانی نے کہاکہ پارلیمنٹ سے کشمیریوں کے حقوق اور بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کی مذمت سمیت اس حوالے سے قومی رہنمائوں کی مختلف تجاویز کو قرارداد میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر عالمی مسئلہ ہے بھارت اس کو فلسطین نہ سمجھے ،یہ بہت بڑی آ بادی والا علاقہ ہے بھارت ایک کاغذ کے ٹکڑے کے ذریعے اس کی خصوصی حیثیت ختم نہیں کرسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایوان میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے پاس بولنے کے لیے کچھ نہیں تھا، اس موقع پر وہ کم از کم یہ کہ دیتے کہ ہم کشمیر کے مسئلے پر حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے ایون میں غیر مناسب رویہ اپنایا، ان کے خلاف مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ راجہ عامر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی رہنمائوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست کشمیریوں کی سوچ وجذبہ کے ساتھ منائیں گے۔