صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود احمد خان کا نیشنل پریس کلب میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے موضوع پر سیمینار سے خطاب

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر عوامی انقلاب سے حل ہو گا، ہمیں اپنی صفوں میں نفاق پیدا کرنے والوں کے خلاف لڑنا ہو گا، مقبوضہ کشمیر میں 10 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر کے بھارت کی بدنام زمانہ جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، ایسی ثالثی قبول نہیں کریں …

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر عوامی انقلاب سے حل ہو گا، ہمیں اپنی صفوں میں نفاق پیدا کرنے والوں کے خلاف لڑنا ہو گا، مقبوضہ کشمیر میں 10 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر کے بھارت کی بدنام زمانہ جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، ایسی ثالثی قبول نہیں کریں گے جس میں کشمیریوں کو شامل نہ کیا جائے، سلامتی کونسل کے اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل پر خاموشی اختیار کی تو اس کا انجام لیگ آف نیشن جیسا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل پریس کلب میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سردار مسعود احمد خان نے کہا کہ آج کے سیمینار کے دوران مقررین نے بجائے بھارت کے مظالم کو اجاگر کرنے کی بجائے ہماری اپنی خامیوں پر روشنی ڈالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے محاصرہ کر کے ظلم و بربریت کی بدترین مثال قائم کر دی ہے۔