اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے تدارک کیلئے انتظامی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کی روزانہ اور ہفتہ وار رپورٹ وزیراعظم آفس کو بھجوائی جائے، سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سرحدی انتظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، گھی کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا …
وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے تدارک کیلئے انتظامی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کی روزانہ اور ہفتہ وار رپورٹ وزیراعظم آفس کو بھجوائی جائے، سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سرحدی انتظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، گھی کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے، عام ضروری اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے ہر ممکنہ انتظامی و دیگر انتظامات کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر برائے فوڈ سیکورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان، وزیر برائے منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری، وزیرِ خوراک خیبرپختونخوا حاجی قلندر خان لودھی، وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی ڈاکٹر محمد ہاشم، صوبائی چیف سیکرٹریز و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر میں اشیاء ضروریہ خصوصاً آٹے، گھی، چینی و دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں کی موجودہ صوتحال اور ان اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی چیف سیکرٹریز کی جانب سے صوبوں میں آٹے کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالہ سے وزیرِاعظم کو بریفنگ دی گئی۔ صوبائی چیف سیکرٹریز کی جانب سے بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے پاسکو ذخائر سے صوبوں کو گندم کی فراہمی سے گندم کی صورتحال تسلی بخش ہے اور ملک کے کسی حصے میں گندم کی قلت کی شکایت نہیں ہے۔ اجلاس کے دوران چیف کمشنر اسلام آباد نے مختلف اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں عوام کو آگاہی فراہم کرنے، آن لائن آرڈرز اور ان اشیاء کی عوام کی دہلیز تک فراہمی کے سلسلہ میں بنائی جانے والی ایپلیکیشن ”درست دام” کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں رائج کئے جانے والے اس نظام کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بڑے شہروں میں رائج کرنے اور خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد، پشاور، مردان اور ڈی آئی خان جبکہ پنجاب میں راولپنڈی، ملتان اور لاہور میں اس نظام کو فوری طور پر متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری کے تدارک کیلئے انتظامی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر تحصیل میں کاشتکاروں کو حکومت کی جانب سے جگہ میسر کی جائے گی جہاں وہ بغیر کسی فیس یا اخراجات اپنی اجناس فروخت کر سکیں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی انتظامیہ کی جانب سے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر اقدامات کے ساتھ ساتھ ہر ضلع کی شہری اور دیہی تحصیل میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی روزانہ اور ہفتہ وار تجزیاتی رپورٹ بھی وزیرِاعظم آفس کو بھجوائی جائے تاکہ قیمتوں کی اصل صورتحال پر نظر رکھی جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی اثرات کی وجہ سے اجناس کی دستیابی کا مناسب وقت پر تعین کیا جائے تاکہ اجناس کی قلت نہ پیدا ہو سکے۔ اجلاس میں عوام تک صحیح اور مناسب قیمتوں میں اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ملک بھر میں پھیلے یوٹیلیٹی سٹورز کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ گندم، آٹے اور فائن میدے کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے بارڈر مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ اجلاس میں سمگلنگ میں ملوث عناصر اور ان کی معاونت کرنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِاعظم کو گھی کی قیمتوں کی موجودہ صورتحال اور خاص طور پر ایکسل لوڈ پر عملدرآمد کو مؤخر کرنے کے حکومتی فیصلے کے بعد گھی کی قیمتوں میں کمی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ ایکسل لوڈ کو مؤخر کرنے کے فیصلہ پر عملدرآمد کے بعد گھی کے قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ عوام کے استعمال میں آنے والی ضروری اشیاء کے حوالے سے موجودہ و مستقبل کی طلب و رسد کے تخمینوں کے نظام کو ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے فوری طور پر وزارتِ فوڈ سیکورٹی میں ایک مخصوص سیل تشکیل دیا جائے تاکہ مستقبل میں طلب و رسد کے تخمینوں کی بنیاد پر بروقت فیصلے کئے جائیں۔ وزیرِاعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کے استعمال میں آنے والی ضروری اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے ہر ممکنہ انتظامی و دیگر اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منڈی اور مارکیٹ میں قیمتوں کے فرق کو کم کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے اور اس فرق کا تدارک کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو اشیاء خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنائے، اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کوئی بھوکا نہ سوئے۔








