پاک فضائیہ کے شاہینوں نے سومیانی رینج پر فائر پاور مظاہرے کے دوران اپنے اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے

کراچی۔ 6 نومبر (اے پی پی) پاک فضائیہ کے شاہینوں نے سومیانی رینج پر فائر پاور مظاہرے کے دوران اپنے اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا۔ یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف …

کراچی۔ 6 نومبر (اے پی پی) پاک فضائیہ کے شاہینوں نے سومیانی رینج پر فائر پاور مظاہرے کے دوران اپنے اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا۔ یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف ا سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کے علاوہ اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ائیر مارشل حسیب پراچہ، ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف (آپریشنز) نے گزشتہ ماہ منعقد ہونے والے پاک فضائیہ کے انٹر اسکواڈرن آرمامنٹ مقابلوں اور فائر پاور مظاہرے کی اہمیت پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب نہ صرف پاک فضائیہ کے فرنٹ لائن جنگی بیڑے کی بے پناہ صلاحیتوں کا بہترین اظہار ہے بلکہ ہمارے بہادر فضائی جنگجوئوں کی لاجواب پیشہ ورانہ صلاحیت، کامیاب مہارت او ربے مثال ٹیم ورک کی بھی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دوسری اقوام خصوصاً اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے مگرہم اپنے قومی مفادات اور خودمختاری کے تحفظ سے کسی صورت غافل نہیں ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ فروری2019 ء میں پوری دنیا نے بھارت کی طرف سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ہمارے ردعمل کا مشاہدہ کیا جب پاک فضائیہ نے کشمیر پر فضائی جھڑپ کے دوران ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کی۔ صدرپاکستان نے کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے اور اس جدوجہد میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہاکہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال آپریشنل تیاریوں پر بھر پور توجہ کی متقاضی ہے، آج کا فائر پاور مظاہرہ جنگی تیاری کے لئے ہماری کاوشوں کا تسلسل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم پاک فضائیہ پر فخر او ر ملکی دفاع کے بارے میں ان کی صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد کرتی ہے۔ پاک فضائیہ کسی بھی چیلنج پر پورا اترنے اور دشمن پر قابو پانے کے لئے پوری طرح تیار اوراہل ہے۔ فائر پاور مظاہرے کا آغاز آواز کی رفتار سے تیز اڑتے ہوئے دو میراج طیاروں کی نیچی پرواز سے ہوا۔ اس کے بعد پاک فضائیہ کے تمام نمایاں طیاروں بشمول JF-17 تھنڈر، F-16 Block 52، F-16،F-7P اور F-7PG نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ اس کے فورا بعد پاک فضائیہ کے SAAB-Erieye اور قراقرم ایگل اور آگسٹا ہیلی کا پٹر فلائی پاسٹ کرتے ہوئے وینیو کے اوپر گزرے۔پاک فضائیہ کے پائلٹس نے مکمل درستگی کے ساتھ دیئے گئے اہداف کو نشانہ بنا کر پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ یہ مظاہرے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا ثبوت ہیں اور دشمن کے لئے ایک پیغام ہیں کہ پاک فضائیہ دشمن کو جواب دینے کی بھرپور قوت رکھتی ہے۔پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے سنسنی خیز فائر پاور مظاہرے کے بعد پاکستان کے مقامی طور پر تیار کردہ JF-17 تھنڈر طیارے نے دلکش اور حیرت انگیز فضائی کرتب کا مظاہرہ بھی کیا۔ اس کے منظر سے اوجھل ہونے کے بعد پاک فضائیہ کی فضائی کرتب دکھانے والی ” شیر دلز ” ٹیم نے افق پر نمودار ہو تے ہوئے شاندار کرتبوں سے ناظرین کو حیرت زدہ کردیا۔ اس تقریب کو دوران پاک فضایہ کے سپیشل سروسز ونگ کے کمانڈوز نے دہشت گردوں پر حملے کی ایک مشق کا مظاہرہ کیا۔

مزید خبریں