وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبد الرزاق داؤد کا انٹیرئیرز پاکستان نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب

لاہور۔24 نومبر(اے پی پی )وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کہ حکومت صنعتکاروں اور کاروباری برادری کو منافع بخش مراعات کے ذریعے ملک کے معاشی استحکام، برآمدات میں اضافہ اور درآمد میں کمی کیلئے پالیسی بنا رہی ہے،ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پہلی بار سر پلس ہو گیا ہے،فرنیچرانڈسٹری پاکستان میں بہتر کام کررہی ہے، پاکستان کو فرنیچر کی ایکسپورٹ بڑھانے کی …

لاہور۔24 نومبر(اے پی پی )وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کہ حکومت صنعتکاروں اور کاروباری برادری کو منافع بخش مراعات کے ذریعے ملک کے معاشی استحکام، برآمدات میں اضافہ اور درآمد میں کمی کیلئے پالیسی بنا رہی ہے،ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پہلی بار سر پلس ہو گیا ہے،فرنیچرانڈسٹری پاکستان میں بہتر کام کررہی ہے، پاکستان کو فرنیچر کی ایکسپورٹ بڑھانے کی ضرورت ہے’ صنعت کار فرنیچرز مصنوعات کی کوالٹی کو بہتر کرنے کی طرف توجہ دیں ۔ ان خیلات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے زیر اہتمام ایکسپو سنٹر میں منعقدہ تین روزہ 11 ویں انٹیرئیرز پاکستان بین الاقوامی میگا نمائش کے اختتامی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت نے کہا کہ ہمیں ورثے میں بہت سے چیلنجز ملے جن پر مرحلہ وار قابوپا نے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ‘ ہمارا ڈالر ایکسچینج ریٹ نارمل اور مستحکم ہو چکاہے اس سے معاشی اعشاریے درست ہونے میں کافی مدد ملی ہے’ عوام کو روز گار کی فراہمی پر پوری توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جس کیلئے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ سی پیک پر بہت سے معاملات درست سمت میں چل رہے ہیں ‘ معیشت کی حالت بہت خراب تھی مگر اب حالات بہتر ی کی جانب گامزن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کے فروغ کیلئے بیک وقت مختصر اور طویل مدتی پالیسیوں پر کام کر رہی ہے، حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان عالمی بینک کے کاروباری آسانیوں کے انڈیکس میں 28 درجے اوپر آگیا ہے جس سے بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان ، ویتنام اور جنوبی کوریا کے ساتھ ساتھ بحر الکاہل اور جنوب مشرقی ایشیائی خطے میں دیگر منڈیوں کو بھی مربوط کیا جائے گا اور حکومت تجارت کے فروغ کے لئے ان ممالک کے ساتھ بات چیت کرے گی۔ عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ فرنیچر انڈسٹری کے کارکنان اعلیٰ مہارتوں اور صلاحیتوں سے مالامال ہیں اور اگر ان کا درست استعمال کیا جائے تو پاکستان فرنیچر کا بہترین برآمد کنندہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر سیکٹر کو فروغ دے کر نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی منڈیوں کی ضروریات کو بھی پورا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے استحکام کیلئے مقامی برانڈز کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے پی ایف سی کی خدمات قابل ستائش ہیں۔مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے نمائش کے مختلف اسٹالز کا بھی دورہ کیا اور وہاں رکھی گئی مختلف اشیاء کی کاریگری ، معیار اور ڈیزائن کو سراہا۔ اس موقع پر پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے نمائش کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر مشیر برائے تجارت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے اور موجودہ معاشی چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے حکومت کو مکمل مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی خریداروں کے جمالیاتی ذوق کے مطابق عالمی معیار کے جدید ڈیزائن کے مطابق نمائش کرکے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی فرنیچر برانڈز کے فروغ کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اچھے برانڈز تیار کرکے امریکہ اور یورپ کو فرنیچر کی برآمد میں اضافہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور بزنس کمیونٹی کو کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافہ کیلئے مصنوعات کی برانڈنگ پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ بعد ازاںمشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے اسٹال ہولڈرز میں نمائش میں شرکت کی اسناد تقسیم کیں جبکہ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے مشیر برائے تجارت کو شیلڈ پیش کی۔

مزید خبریں