اسلام آباد ۔ 18 دسمبر (اے پی پی) پاکستان میں چین کے سفیر ژائو جن نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پاکستان اور چین کے تاریخی تعلقات اور بھائی چارے کا مظہر ہے، اس کے ثمرات سے جہاں علاقائی یکجہتی کو فروغ ملے گا وہاںامن و خوشحالی اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ بدھ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام علاقائی …
سی پیک پاکستان اور چین کے تاریخی تعلقات اور بھائی چارے کا مظہر ہے، چین کے سفیر ژائو جن کا مذاکرے سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 18 دسمبر (اے پی پی) پاکستان میں چین کے سفیر ژائو جن نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پاکستان اور چین کے تاریخی تعلقات اور بھائی چارے کا مظہر ہے، اس کے ثمرات سے جہاں علاقائی یکجہتی کو فروغ ملے گا وہاںامن و خوشحالی اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ بدھ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام علاقائی یکجہتی کے عنوان سے ایک روزہ مذاکرے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ علاقائی یکجہتی کے حوالے سے مذاکرہ انتہائی خوش آئند ہے کیونکہ سی پیک منصوبہ علاقائی تعاون، ترقی اور علاقائی یکجہتی کا منصوبہ ہے۔ اس حوالے سے پارلیمنٹ اہم کردار ادا کر سکتی ہے کیونکہ یہی وہ فورم ہے جو عوامی ضروریات توقعات اور امنگوں کا حقیقی ترجمان ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل اور ثمرات کو پارلیمنٹ کی ذریعے ہی شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے ذریعے علاقے کے عوام کے آپس میں رابطوں کو فروغ حاصل ہوگا جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لئے بھی انتہائی سود مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے ممالک اور وسطی ایشیا کے 6 ممالک کے اقوام کے لئے اس منصوبے کو ترقی وخوشحالی اور باہمی رابطوں کے پلیٹ فارم کے طورپر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ پاکستان اور چین دونوں کا مشترکہ منصوبہ ہے ۔ یہ ہمارے تاریخی تعلقات اور بھائی چارے کا مظہر ہے، اس لئے وقت آگیا ہے کہ خطے کے درمیان اقتصادی ترقی اور علاقائی یکجہتی کے لئے بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے۔ جب ہماری کاوشوںکو پارلیمنٹس کی پشت پناہی یا اونر شپ حاصل ہو گی تب ہی ہم سی پیک کے اہداف خوش اسلوبی سے حاصل کرسکیں گے۔







