صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا یوم حق خودارادیت کے موقع پر پیغام

اسلام آباد ۔ 5 جنوری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادی کے حصول تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی ، سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا، عالمی برادری کشمیری عوام کی ذمہ داریوں سے نظریں نہیں چراسکتی،اقوام متحدہ کو 70 برس قبل کئے گئے اپنے وعدوں …

اسلام آباد ۔ 5 جنوری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادی کے حصول تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی ، سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا، عالمی برادری کشمیری عوام کی ذمہ داریوں سے نظریں نہیں چراسکتی،اقوام متحدہ کو 70 برس قبل کئے گئے اپنے وعدوں کا پاس رکھنا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہاریوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کیاہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ حق خودارادیت انسانی وقار کا کلیدی عنصرہے۔ اس حق کا انکار فرد کی آزادی، انسانی حقوق کے بین الاقوامی اعلامیہ اورانسانی حقوق کے معاہدوں کی نفی ہے۔ صدر نے کہاکہ نوآبادیاتی دورکے بعداس بنیادی حق سے آگاہی نے جنوبی ایشیاءسمیت دنیاءکے مختلف حصوں میں آزادی کی جدوجہد کے لئے راہیں ہموارکیں۔5جنوری جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے دن کے طورپرمنایا جاتاہے۔5 جنوری 1949 ءکو پاکستان اوربھارت کے لئے اقوام متحدہ کے کمیشن نے ایک قرارداد کی منظوری دی جس میں جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادی کے لئے جموں وکشمیر میں آزادانہ اورشفاف رائے شماری کی ضمانت دی گئی تھی۔ صدر نے کہاکہ آج یوم حق خودارادی کو منانے کا مقصد عالمی برادری کو اس بات کی یاددہانی کرانی ہے کہ وہ کشمیری عوام کی ذمہ داریوں سے نظریں نہیں چراسکتی۔اقوام متحدہ کو 70 برس قبل کئے گئے اپنے وعدوں کا پاس رکھنا ہوگا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ 5 اگست 2019ءکے بعد غیرقانونی اور یکطرفہ کارروائیوںکے ذریعے بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خوف اورافراتفری کا ماحول پیدا کیا ہے۔150 دن سے زیادہ کے لاک ڈاون اوربنیادی حقوق کی سلبی نے بین الاقوامی برادری اوراقوام عالم میں ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے بھارت کے ضمیر کو چیلنج کیاہے۔ بین الاقوامی برادری ، اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے بھارتی اقدامات کو وسیع پیمانے پر ردکردیاہے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ تاریخ میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال بدترین ہے جہاں شہریوں کو زندگی، خوراک، صحت، آزادی اظہار ، پرامن اجتماع اورحق خودارادیت سمیت تمام بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیاہے۔بھارتی قابض افواج مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو اجتماعی طورپرسزادے رہی ہیں، بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے خطہ کو دنیاء کے سب سے بڑے فوجی زون میں تبدیل کردیاہے۔صدر نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادی کے حصول تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی ، سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید خبریں