لاہور۔5 جنوری(اے پی پی ) وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے لبرٹی مارکیٹ لاہور میں ”لبرٹی اربن فاریسٹ میاواکی“ کا افتتاح کر دیا‘ یہ جنگل شہر کے ماحول سے کاربن جذب اور آکسیجن مہیا کرے گا جس کے نتیجے میں فضائی آلودگی میں کمی اور ہوا کا معیار بہتر ہو گا‘ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے موسمےاتی تبدیلی رخسانہ نوید‘ …
وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے” لبرٹی اربن فاریسٹ میاواکی“ کا افتتاح کر دیا

مزید خبریں
لاہور۔5 جنوری(اے پی پی ) وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے لبرٹی مارکیٹ لاہور میں ”لبرٹی اربن فاریسٹ میاواکی“ کا افتتاح کر دیا‘ یہ جنگل شہر کے ماحول سے کاربن جذب اور آکسیجن مہیا کرے گا جس کے نتیجے میں فضائی آلودگی میں کمی اور ہوا کا معیار بہتر ہو گا‘ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے موسمےاتی تبدیلی رخسانہ نوید‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے سمیر احمد سید سمیت مختلف شخصیات نے شرکت کی۔ملک امین اسلم نے کہا کہ لاہور میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اربن فاریسٹ ماڈل کا قیام خوش آئند ہے‘ انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت ملک میں 5 نکاتی ایجنڈا پر کام کر رہی ہے جس میں 10 بلین ٹری سونامی ، نیشنل پارکس کا قیام‘ الیکٹریکل وہیکلز کا اجرائ‘ پلاسٹک بیگز کا خاتمہ اور ری چارج پاکستان شامل ہیں‘ انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان کا قیام عمل میں لایا جائے جس کے تحت بڑے شہروں خصوصاً لاہور میں جہاں جگہ دستیاب ہوگی ان کو سرسبز کیا جائیگا‘ انہوں نے کہا کہ لاہور کو دوبارہ باغات کا شہر بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے جس کو بدقسمتی سے ماضی میں باغات کا تصور ختم کرکے اینٹوں کا جنگل بنا دیا گیا‘ انہوں نے بتایاکہ لاہور کے اردگرد 60 ہزار کینال کی ایسی زمین کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں درخت لگائے جاسکتے ہیں‘ عنقریب لاہور کے آس پاس چھانگا مانگا کی طرز پر ایک جنگل دیکھنے کو ملے گا‘ملک امین اسلم نے کہا کہ ملک میں 7 نیشنل پارکس کے قیام کے سلسلہ میں کام اسی سال شروع ہو جائیگا اور ان نیشنل پارکس کو ٹورازم کا مرکز بنایا جائیگا‘ انہوں نے کہا کہ حکومت الیکٹریکل وہیکلز کا اجراءکرنے جارہی ہے جس کیلئے پالیسی کا اعلان آئندہ ماہ کیا جائیگا‘ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں گاڑیوں کا فیول یورو II سے یورو IV پر چلا جائیگا جبکہ عنقریب لاہور میں یورو IV کے علاوہ کوئی فیول نہیں ملے گا، اسی طرح حکومت وہیکلز انسپیکشن سسٹم بھی لا رہی ہے تاکہ گاڑیوں کی باقاعدگی سے چیکنگ بھی ہو سکے‘ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہائبرڈ یا الیکٹریکل پبلک وہیکلز لانے پر بھی غور کیاجارہا ہے‘ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک 300 شہروں میں کلین گرین انڈیکس لایا جاچکا ہے‘ ملک امین اسلم نے کہا کہ پلاسٹک بیگز پر پابندی کا اقدام اسلام آباد سے شروع کیا گیا‘ ایک رپورٹ کے مطابق 1999ءمیں ملک میں 2 کروڑ پلاسٹک بیگز استعمال کئے جارہے تھے جن کی تعداد گزشتہ سال 55 ارب تک پہنچ گئی‘ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز کی روک تھام کیلئے پنجاب میں بھی قانون سازی کی جارہی ہے‘ وفاقی وزیر نے کہا کہ ری چارج پاکستان بھی حکومت کا ایک انقلابی قدم ہے جس کیلئے چین کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں‘ رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری رخسانہ نوید نے امید ظاہرکی کہ 5 سالوں کے دوران لاہور کو ہرا بھرا دیکھیں گے‘ حکومت شارٹ ٹرم کی بجائے لانگ ٹرم پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور آنیوالی نسلوں کو کلین گرین پاکستان مہیا کرنا چاہتے ہیں‘ قبل ازیں ملک امین اسلم نے لبرٹی مارکیٹ میں میاواکی جنگل کا افتتاح کیا‘ واضح رہے کہ ایل ڈی اے اور نجی اداروں کے تعاون سے لبرٹی مارکیٹ میں لگائے گئے جنگل میاواکی میں مقامی اقسام کے 5ہزار 600درخت لگائے گئے ہیں‘ یہ پودے نشوونما پا کر تناور درخت بنیں گے‘ گھنا جنگل تین سال میں وجود میں آئے گا‘یہ جنگل شہر کے ماحول سے کاربن جذب کرے گا اور آکسیجن مہیا کرے گا جس کے نتیجے میں فضائی آلودگی میں کمی اور ہوا کا معیار بہتر ہو گا‘میاواکی ‘جنگل اگانے کی جاپانی تکنیک ہے، اس تکنیک سے لگایا جانے والا جنگل 10گنا تیز ی سے نشوو نماپاتا ہے۔








