وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 6 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نظریاتی سیاسی جماعت نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اپنے دور حکومت میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹ کر بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث رہی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے لوٹ مار اور بدعنوانی کرنے والوں کے خلاف احتساب کے …

اسلام آباد ۔ 6 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نظریاتی سیاسی جماعت نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اپنے دور حکومت میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹ کر بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث رہی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے لوٹ مار اور بدعنوانی کرنے والوں کے خلاف احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی پالیسی اپنائی۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر سب جماعتیں ایک پیج پر ہیں جو خوش آئند بات ہے، پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کرنے سے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔ ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک بہادر سپہ سالار ہیں،جنہوں نے نہ صرف پاکستان سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کیا بلکہ ملک کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ امریکہ اور ایران تنازعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال بہت نازک ہے، کشیدگی میں پاکستان کے پاس غیرجانبدار رہنے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ امریکہ اور ایران کشیدگی پر حکمت عملی تیار کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ بیٹھنا چاہیے تاہم یہ بات واضح ہے کہ پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اس لئے اب کسی دوسرے ملک کو اپنی سرزمین کو استعمال نہیں کرنے دیں گے۔