معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا نیشنل پریس کلب میں سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے ورکشاپ سے خطاب

اسلام آباد ۔ 7 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈیجٹلائزیشن دور حاضر کا سب سے بڑا چیلنج ہے، سوشل میڈیا ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی دنیا سے جڑا رہنا ممکن ہے کیونکہ دنیا اب گلوبل ویلج بن چکی ہے، صحافیوں کے معاشی مسائل کے حل کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، میڈیا بحران …

اسلام آباد ۔ 7 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈیجٹلائزیشن دور حاضر کا سب سے بڑا چیلنج ہے، سوشل میڈیا ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی دنیا سے جڑا رہنا ممکن ہے کیونکہ دنیا اب گلوبل ویلج بن چکی ہے، صحافیوں کے معاشی مسائل کے حل کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، میڈیا بحران سے نمٹنے کے لئے جلد تمام تنظیموں کے ساتھ مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں آر آئی یو جے کے زیر اہتمام سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے منعقد کی گئی ایک ورکشاپ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے پریس کلبوں میں انفارمیشن سیل قائم کرنے کا منصوبہ لا رہے ہیں جس کا آغاز نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام اخبارات اور ٹی وی چینلز پوری آزادی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ حکومت پر تنقید کرنے والے میڈیا ہاﺅسز پر کسی قسم کا حکومتی پریشر نہیں بلکہ ہم اس تنقید سے اصلاح کا پہلو نکالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا انڈسٹری کے بحران کے حل کیلئے سنجیدہ ہے یہی وجہ ہے کہ ماضی میں ہونے والی کوتاہیوں کو درست کرنے میں وقت لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہم اپنی طرف سے نیک نیتی سے کام کر رہے ہیں، پھر بھی کہیں نہ کہیں خامی رہ جاتی ہے کیونکہ بطور انسان ہم سب میں خامیاں پائی جاتی ہیں، خامیوں سے پاک صرف فرشتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب ورکشاپ کے انعقاد پر آر آئی یو جے کے تمام عہدیداران کو مبارکباد دی اور سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی اور پی ایف یو جے کے رہنما افضل بٹ کو ساتھ مل کر صحافیوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔آخر میں ورکشاپ کے شرکاءمیں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔

مزید خبریں