وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا اسلامی نظریاتی کونسل میں مختلف کتب کی تقریب رونمائی سے خطاب

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ اہل قلم ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، معاشرہ کی بہتر رہنمائی کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل اہم کردار ادا کر رہی ہے، بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار …

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ اہل قلم ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، معاشرہ کی بہتر رہنمائی کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل اہم کردار ادا کر رہی ہے، بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلامی نظریاتی کونسل میں جسٹس (ر) سیّد منظور حسین گیلانی کی تصنیف ”میزان زیست“، خورشید ندیم کی تصنیف ”متبادل بیانیہ“، رانا محمد شفیق پسروری کی تصنیف ”چاند پر اختلاف کیوں“، سیّد افتخار حسین نقوی کی تصنیف ”قانون میراث“، ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن کی تصنیف ”ڈاکٹر محمد حمید اﷲ حیات و افکار“ اور ڈاکٹر اکرام الحق یاسین کی تصنیف ”ادارہ اسلامی تعمیرنو“ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی محمد خان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے باعث ہمارے معاشرے میں کتب بینی کا رجحان کم ہوتا جا رہا ہے، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو کتاب کی طرف راغب کرنا ہے کیونکہ کتاب معاشرہ کی بہترین رہنمائی کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اہل قلم ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ہمیں ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان جس مقصد کیلئے بنایا گیا تھا ہم اس مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں، موجودہ حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ریاست مدینہ کی بات کی جو ان کی ایک قابل ستائش کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست مدینہ جیسی ریاست تو نہیں بناسکتے لیکن اس جیسی بننے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ پر بحث و مباحثہ ہمارے ٹی وی ٹاک شوز کا حصہ ہونے چاہئیں، اس پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بھی بحث ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی ہتھیار ہوتے ہیں، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو دنیاوی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ دین کی طرف بھی لانا ہو گا کیونکہ حضرت محمد کی بتائی ہوئی تعلیمات ہی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ تقریب سے تصانیف کے مصنفین نے بھی خطاب کیا اور اپنی مطبوعات پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں اسلامی نظریاتی کونسل کے اراکین نے بھی شرکت کی۔