وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے پاکستان کے اصل چہرے کو اجاگر کیا ہے، ملک کے مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں نے قومی مفاد کو اہمیت دی،پارلیمنٹ اور میڈیا مبارکباد کے مستحق ہیں، آج جمہوری عمل مکمل ہوا ہے۔سینیٹ میں قائد ایوان سنیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملک کے مسائل …

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے پاکستان کے اصل چہرے کو اجاگر کیا ہے، ملک کے مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں نے قومی مفاد کو اہمیت دی،پارلیمنٹ اور میڈیا مبارکباد کے مستحق ہیں، آج جمہوری عمل مکمل ہوا ہے۔سینیٹ میں قائد ایوان سنیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل پارلیمنٹ ہے، قانون سازی کا عمل اتفاق رائے سے مکمل ہوا ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے یکجہتی کا مظاہرہ کرکے قانون کو منظور کیا،دفاع کمیٹی کے اجلاس میں تمام اراکین کو بروقت اطلاع دی۔بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر سینیٹ میں قائد ایوان سنیٹر شبلی فراز اور سنیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان کی پارلیمنٹ نے پاکستان کا فلاحی اور جمہوری ریاست کا حقیقی چہرہ اجاگر کیا ہے، قومی اسمبلی میں جو قومی اتحاد اور مفاہمت کی ایک شاندار جھلک نظر آئی تھی، آج سینیٹ نے بھی اس جھلک کا قانونی عمل مکمل کرکے ملک کے وسیع تر مفاد میں بالغ نظری اور سیاسی پختگی کا مظاہرہ کر تے ہوئے قانون سازی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس سے یہ حقیقت عیاں ہو گئی ہے کہ ملک کے وزیراعظم کی ذمہ داری ہے کہ ملک کے دفاع کو یقینی بنانا ہے جس کی ذمہ داری تھی اس کو اختیار دیا گیا ہے، اس کو مزید مظبوط بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے ساتھ جڑے رویے ان کو عملی طور پر پاکستان کے اندر خطے کی مجموعی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے تمام سیاسی قیادت اور قومی سوچ رکھنے والی جماعتوں نے پاکستان کو تقویت دی ،قومی مفاد کو مظبوط کیا اور ملکی دفاع کو مزید مظبوط بنانے کے لیے عملی قدم اٹھایا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سروسز ایکٹ بل منظور ہونے کے بعد پارلیمنٹ سینیٹ اور میڈیا سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ میڈیا نے ملک اور قوم کے لیے آواز اٹھائی ہے ،جمہوری عمل مکمل ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی اپوزیشن جماعتوں کے اراکین یہاں بات کرکے گئے ہیں، آج قومی وحدت کی ضرورت ہے، سینیٹ نے مہر لگا کر ثابت کر دیا ہے کی مشکل صورت میں قوم کو یہ چیلنج قبول کرنا آتا ہے۔ قوم اکھٹی ہو جاتی ہے اور پاکستان کے مخالفین کو متحد ہو کر جواب دیتی ہے۔ قومی یکجہتی آگے بڑھایا جائے گا اور دیگر مسائل پر اپوزیشن اسی جذبے اور فہم و فراست کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاسی سنجیدگی کی عملی تصویر سے تمام سیاسی جماعتیں خطے کے بدلتے حالات کو سامنے رکھتے ہوئے اس بات پر متفق ہیں کہ پاکستان کو آگے لے کر چلنا ہے، اس کے لیے اتحاد کی ضرورت ہے، امید ہے کہ یکجہتی کا عمل آگے بڑھے گا اور اپوزیشن حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اختلاف کرنا جمہوری معاشرے کا حصہ ہے، جہاں غلط ہو اپوزیشن اس کی نشاندہی کرے، ہم اس کی اصلاح کریں گے، جہاں حکومت سمجھتی ہے ملک کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے اپوزیشن روڈمیپ لیکر آئے گی، اس عمل سے پاکستان آگے بڑھ سکتا ہے، حکومت بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اس پر عمل کرے گی ۔ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون سازی کسی ایک فرد یا ادارے کے سربراہ کے لیے نہیں تھی بلکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی اور ہدایات کے مطابق قانون سازی ہوئی ہے، اس موقع پر سینیٹ میں قائد ایوان سنیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آج قانون سازی کا عمل مکمل ہوا ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور اس قانون کو ایوان سے منظور کیا۔انہوں نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال اور عالمی صورتحال میں جو قانون منظور کیا وہ خوش آئند ہے، جو قانونی سقم تھا اسے دور کر دیا ہے۔سنیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے یکجہتی کا مظاہرا کیا اس کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے کہ دیگر عوامی مفاد کے بل پر بھی یہ یکجہتی کا مظاہرا جاری رہے گا۔ملک کو درپیش مسائل کا حل پارلیمنٹ ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع میں کمیٹی کے تمام اراکین کو مدعو کیا گیا تھا، سنیٹر مشتاق سے رابطہ کی کوشش کی گئی تمام ممبران اجلاس میں موجود تھے، بل کو کثرت رائے سے پاس کیا ۔اس موقع پر سنیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ آج قومی مفاد میں اہم قانون سازی ہوئی ہے جسے سنیٹ نے کثرت رائے سے منظور کیا جو خوش آئند ہے، اپوزیشن نے متفقہ اور تعمیری کردار ادا کیا، امید ہے کہ اپوزیشن اس حوالے سے مثبت کردار ادا کرے گی۔