اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے تنخواہ دار، متوسط اور کم آمدنی والے طبقات کو رعایتی نرخوں پر اشیاءضروریہ فراہم کرنے کیلئے 7 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کا باقاعدہ اجراءکر دیا، ریلیف پیکیج کے تحت ملک بھر میں قائم 4 ہزار یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی اشیاءدستیاب ہوں گی۔ وزیراعظم نے بدھ کو جی نائن مرکز میں یوٹیلیٹی سٹور کے دورہ کے موقع پر …
وزیراعظم عمران خان کی جی نائن مرکز میں یوٹیلیٹی سٹور کے دورہ کے موقع پر گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے تنخواہ دار، متوسط اور کم آمدنی والے طبقات کو رعایتی نرخوں پر اشیاءضروریہ فراہم کرنے کیلئے 7 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کا باقاعدہ اجراءکر دیا، ریلیف پیکیج کے تحت ملک بھر میں قائم 4 ہزار یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی اشیاءدستیاب ہوں گی۔ وزیراعظم نے بدھ کو جی نائن مرکز میں یوٹیلیٹی سٹور کے دورہ کے موقع پر ریلیف پیکیج کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت جلد غریب افراد کیلئے راشن کارڈز سکیم کا بھی اعلان کرے گی جس کے تحت وہ یوٹیلیٹی سٹورز سے ماہانہ تین ہزار روپے کی بنیادی اشیاءضروریہ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریلیف پیکیج کم اور متوسط آمدنی والے طبقات کو نہ صرف رعایتی نرخوں پر آٹا، چینی، گھی، چاول اور دالوں سمیت بنیادی اشیاءضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہے بلکہ اس سے عام مارکیٹ میں مہنگائی کے رجحان پر قابو میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر عوام کو آٹے کا 20 کلو کا تھیلا تقریباً 800 روپے کے رعایتی نرخوں پر فراہم کیا جا رہا ہے، یہ آٹا اعلیٰ معیار اور تمام غذائی اجزاءسے بھرپور ہے جو اچھی صحت کیلئے ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں خوردنی تیل کی قیمتیں بین الاقوامی مارکیٹ میں اضافہ کی وجہ سے بڑھی ہیں، حکومت سورج مکھی اور کینولا کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے مقامی پیداوار بڑھانے کیلئے کوشاں ہے۔ اسی طرح حکومت 1.5 ارب کی دالوں کی سالانہ درآمدات پر قابو پانے کیلئے ملک میں دالوں کی کاشت کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور قیمتوں میں اضافہ کی ایک بڑی وجہ مڈل مین کا کردار بھی ہے جو صارفین اور کسانوں کی قیمت پر منافع کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر بنیادی اشیاءضروریہ کی سستے داموں فراہمی سے اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ریلیف پیکیج کیلئے 7 ارب روپے فراہم کئے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو اشیاءضروریہ پر سبسڈی کیلئے مزید فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2019ءمیں اقتصادی استحکام حاصل کرنے کے بعد حکومت اب 2020ءمیں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، انڈسٹریلائزیشن اور نمو پر توجہ مرکوز کرے گی۔ قبل ازیں وزیراعظم نے یوٹیلیٹی سٹورز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ذوالقرنین علی اور منیجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی نے وزیراعظم کو ریلیف پیکیج، اشیاءضروریہ کے سٹاک کی صورتحال اور ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاءکی دستیابی کے علاوہ حکومتی سبسڈی کو مستحق لوگوں تک پہنچانے کو یقینی بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد اور وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔








