عمان پاکستان تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانا اولین ترجیح ہے،شیخ عبداللہ بن محمد عبداللہ السالمی

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) عمان کے وزیر اوقاف و مذہبی امور شیخ عبداللہ بن محمد عبداللہ السالمی نے کہا ہے کہ عمان پاکستان تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانا اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمان کے وزیر شیخ عبداللہ بن محمد عبداللہ السالمی وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری کی خصوصی دعوت پر دو روز قبل ایک وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر …

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) عمان کے وزیر اوقاف و مذہبی امور شیخ عبداللہ بن محمد عبداللہ السالمی نے کہا ہے کہ عمان پاکستان تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانا اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمان کے وزیر شیخ عبداللہ بن محمد عبداللہ السالمی وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری کی خصوصی دعوت پر دو روز قبل ایک وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر پہنچے تھے۔ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران عمانی وفد نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے کئی اہم ملاقاتیں کیں۔ وفد نے وزارتِ مذہبی امور کے زیر اہتمام ”اسلامو فوبیا کے خلاف مسلم امہ کے تعاون کے فروغ“ کے موضوع پر منعقدہ اہم سیمینار میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عمان کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس محاذ پر دونوں ملک ملکر کام کریں۔ دونوں برادر ممالک علاقے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے ملکر کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ انسانیت کے بارے میں سلطان قابوس کا فلسفہ آج کے پر فتن دور میں ایک متوازن اور پر نور زندگی گذارنے کی راہ دکھاتا ہے۔ عمان کے وزیر اوقاف و مذہبی امور شیخ السالمی نے وفد کے ہمراہ وزارتِ مذہبی امور کا دورہ کیا۔ ملاقات میں عمان اور پاکستان کی مذہبی امور کی وزارتوں کے کام کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ایک دوسرے سے تعاون کے فروغ پر اتفاق رائے کیا گیا۔ وزیر مذہبی امور نے تجویز پیش کی کہ دونوں ملکوں کے عوام اور حکومتوں کو مزید قریب لانے کیلئے علماءکرام کے وفود اور معیاری درسگاہوں میں طلباءکیلئے تعلیمی وظائف کے اجراء پر کام کی ضرورت ہے جس سے وفد نے اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ عمانی وفد 7جنوری بروز منگل خصوصی طیارے کے ذریعے نور خان ایئر بیس اسلام آباد پہنچا تھا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور عمان کے سفیر نے معزز مہمان کا استقبال کیاتھا۔ وفد نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین سینیٹ سے بھی ملاقاتیں کیں اور سلطان قابوس اور سلطنت عمان کی عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ معزز مہمانوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا۔ عمان کے وزیر اوقاف و مذہبی امور شیخ عبداللہ بن محمد السالمی پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد 8جنوری بروز بدھ اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے۔