وفاقی وزیر اسد عمر کی وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کے فور منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے خواہاں ہیں، کراچی پیکج کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و …

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کے فور منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے خواہاں ہیں، کراچی پیکج کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات خالد مقبول صدیقی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ اسد عمر نے وفد کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم عمران خان شہر کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کے IV واٹر سپلائی منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے خواہاں ہیں۔ وفاقی وزیر نے وفد کو بتایا کہ وہ حکومت سندھ سے رابطے میں ہیں اور کے فورمنصوبے کے بارے میں باقاعدہ اپڈیٹس لے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا اور یقین دلایا کہ اس ضمن میں تمام بقایا امور کو حل کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران زیر بحث آئے دیگر منصوبوں میں ناردرن بائی پاس اور ریلوے فریٹ کوریڈور منصوبہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے فنڈز میں تیزی سے حصہ جاری کررہی ہے اور اس کو تیز کرنے کے لئے درکار تمام اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کراچی اور حیدرآباد کی ترقی کے لئے پرعزم ہے اور اس کے حصول کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے حیدرآباد کے ترقیاتی امور خصوصا شہر میں اعلی تعلیم کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے ترقیاتی منصوبوں خصوصا کراچی اور حیدرآباد میں تیزی سے تکمیل کرنے میں گہری دلچسپی لینے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔