اگلے ہفتے نیب قانون میں ترامیم اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ہوجانے بارے پر امید ہوں ،وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قومی مفادات کے معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے پیدا ہونا خوش آئند بات ہے، اگلے ہفتے نیب قانون میں ترامیم اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ہوجانے بارے پر امید ہوں ، عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو بدعنوان عناصر کا …

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قومی مفادات کے معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے پیدا ہونا خوش آئند بات ہے، اگلے ہفتے نیب قانون میں ترامیم اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ہوجانے بارے پر امید ہوں ، عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو بدعنوان عناصر کا احتساب کرنے کیلئے ووٹ دیا ہے، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حزب اختلاف کے ساتھ مشاورت جاری ہے امید ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران اور چیف الیکشن کمشنر کی تقری کو آئندہ چند دنوں میں حتمی شکل دے دی جائے گی ، حکومت چاہتی ہے کہ الیکشن کمیشن کا ایسا فورم بنایا جائے جس پر سب کو اعتماد ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے، حکومت کی اس میں کوئی مداخلت نہیں، نیب کا سارا سیٹ اپ گزشتہ حکومتوں کا ہے، پی ٹی آئی نے ن لیگ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے قائدین اور رہنماﺅں کے خلاف کیسز نہیں بنائے، ان دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے اور نیب ان کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی کے قائدین اور رہنماءبڑے پیمانے پر کرپشن میں ملوث ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ لوٹ کھسوٹ کرنے والے لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی طاقتور لوگوں پر ہاتھ ڈالا جاتا ہے تو شور شروع ہو جاتا ہے لیکن بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا عمل بلکہ جاری رہے گا اور وزیر اعظم کسی صورت اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ چوہدری فواد حسین نے اسلامی نظریاتی کونسل کے کام پر شدید تشویش کا اظہار کیااور کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل عوام کے مفاد کیلئے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کو پورے ملک میں ایک ہی دن عید منانے کیلئے جامع فارمولا بنانا ہو گا۔