نیاپاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کے تحت نادرا کو درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2020ءہے، ترجمان نادرا

اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) نیاپاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کے تحت نادرا کو درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2020ءہے، جمعہ 10 جنوری 2020ءتک نادرا کو 19 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کی درخواستیں موصول ہوئیں، 15 جنوری آخری اور حتمی تاریخ ہے جس میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ ترجمان نادرا کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جولائی 2019ءمیں نیا پاکستان ہاﺅسنگ …

اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) نیاپاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کے تحت نادرا کو درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2020ءہے، جمعہ 10 جنوری 2020ءتک نادرا کو 19 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کی درخواستیں موصول ہوئیں، 15 جنوری آخری اور حتمی تاریخ ہے جس میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ ترجمان نادرا کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جولائی 2019ءمیں نیا پاکستان ہاﺅسنگ کی رجسٹریشن کے دوسرے ملک گیر مرحلہ کا آغاز کیا، اس سکیم کے آغاز کا مقصد عوام کو ان کے بنیادی حق، اپنی ذاتی چھت کی فراہمی آسان اور باسہولت اقساط میں فراہم کرنا ہے۔ ترجمان نادرا نے کہا کہ اس سکیم میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کے حصہ لے سکنے کو یقینی بنانے کےلئے آخری تاریخ میں متعدد بار توسیع کی گئی تھی تاکہ کوئی بھی خواہشمند محروم نہ رہ جائے۔ ترجمان نادرا نے مزید بتایا کہ 15 جنوری 2020ءدرخواست گزاروں کےلئے آخری اور حتمی تاریخ ہے لہٰذا عوام مزید کسی پس و پیش کو بالائے طاق رکھ کر اپنی درخواستیں کسی بھی نادرا ای سہولت مراکز پر جمع کرا دیں تاکہ ان کو کسی دِقَت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اب تک کم آمدنی و وسائل والے طبقات میں رجسٹریشن میں قابل ذکر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس میں خواجہ سراﺅں کی تعداد میں 10 گنا اضافہ کے ساتھ 672 سے بڑھ کر 5516 ہو گئی، اسی طرح کچی آبادیوں کے 191890 مکینوں، 10 ہزار سے زائد بیواﺅں، 4 ہزار کے قریب مطلقہ خواتین اور 7 لاکھ 36 ہزار 382 مزدور افراد نے حصہ لیا۔ ترجمان نادرا نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر اب تک اسلام آباد میں 260,856 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔ لاہور میں 225,694 افراد، کراچی میں 265,347، فیصل آباد میں 124,884 افراد، ضلع ملتان میں 78,738 افراد، کوئٹہ میں 70,892 افراد، پشاور میں 47,362 اور سوات میں 53,486 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔ اس سلسلہ میں نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ملک بھر میں ای سہولت فرنچائز نیٹ ورک اور آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کے فرائض انجام دے رہا ہے۔ آن لائن رجسٹریشن 15 جنوری تک کسی بھی نادرا ای سہولت فرنچائز پر 250 روپے فیس کے ساتھ کرائی جا سکتی ہے۔ مزید برآں کراچی کے عوام کیلئے ڈی ایچ اے میگا سینٹر، لیاقت آباد نادرا سینٹر یا نارتھ ناظم آباد میگا سینٹر پر آن لائن رجسٹریشن کرانے کی سہولت مہیا کی گئی ہے لہٰذا عوام اپنا گھر حاصل کرنے کےلئے جلد از جلد آن لائن رجسٹریشن کرائیں۔ سمندر پار پاکستانی اور سستا اور آسان قسطوں پر گھر بنانے کی خواہش رکھنے والے تمام پاکستانی گھر بیٹھے نادرا کی ویب سائٹ http://nphp.nadra.gov.pk پر بھی کسی اضافی فیس کے بغیر اپنی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔