وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ایسے قوانین جو پاکستان کے مفاد میں ہوں مل جل کر طے کرنے چاہییں، آرمی ایکٹ ترمیم کا بل پاس کرانے میں اپوزیشن نے مثبت کردار ادا کیا ہے، امید ہے کہ آئندہ بھی اپوزیشن قومی مفادات کے معاملات میں حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ جمعہ کو …

اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ایسے قوانین جو پاکستان کے مفاد میں ہوں مل جل کر طے کرنے چاہییں، آرمی ایکٹ ترمیم کا بل پاس کرانے میں اپوزیشن نے مثبت کردار ادا کیا ہے، امید ہے کہ آئندہ بھی اپوزیشن قومی مفادات کے معاملات میں حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اچھی فضا بنی ہے جو کہ خوش آئند ہے، عوام کے مفاد میں جو بھی ضروری اصلاحات ہیں اپوزیشن کے ساتھ مل جل کر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم قومی مفاد کا معاملہ تھا، اپوزیشن خود بھی کہہ رہی ہے کہ یہ قومی معاملہ تھا، حکومت اور اپوزیشن نے مل کر اس پر کام کیا، اس حوالے سے اپوزیشن سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔ شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں نیب قانون میں تبدیلیاں نہیں کیں، حکومت نے نیب قانون کی بہتری کیلئے اقدام اٹھایا ہے تو دیگر سیاسی جماعتوں کو اس پر کریڈٹ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیب قانون میں ترامیم کی تجاویز آرڈیننس کے ذریعے دے دی ہیں، قانون میں مثبت تبدیلیوں کیلئے اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب قانون میں ترامیم سے نیب مزید مضبوط ہو گا اور وہ مکمل طور پر کرپشن کے سنگین مقدمات پر توجہ دے سکے گا۔ شفقت محمود نے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے، بدعنوان عناصر کے خلاف مقدمات نیب نے بنائے ہیں اور وہی تحقیقات کر رہا ہے، حکومت کسی ایسی مہم کا حصہ نہیں بنے گی جس سے احتساب کا عمل کمزور ہو۔