وفاقی سیکرٹری وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی کا ڈیجیٹل پاکستان انٹرن شپ پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کےلئے ڈیجیٹل پاکستان انٹرن شپ پورٹل درست سمت میں ایک اہم قدم ہے، موجودہ حکومت آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی اور ملک کے نوجوانوں کی ترقی کےلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں …

اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کےلئے ڈیجیٹل پاکستان انٹرن شپ پورٹل درست سمت میں ایک اہم قدم ہے، موجودہ حکومت آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی اور ملک کے نوجوانوں کی ترقی کےلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ڈیجیٹل پاکستان انٹرن شپ پورٹل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی)، ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈیجیٹل پاکستان انٹرن شپ پورٹل پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت، مقامی یونیورسٹیوں اور آئی ٹی گریجویٹس کے مابین باہمی تعاون کو بڑھانے میں مدد گار ہو گا۔ پورٹل کی ایک اہم خصوصیت پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو براہ راست اکیڈمیہ کے ساتھ کام کرنے کا اہل بنانا ہے۔ آئی ٹی کمپنیاں ڈیجیٹل پاکستان پورٹل پر مسائل پوسٹ کریں گی۔ یونیورسٹی کے پروفیسرز اور گریجویٹ طلباءپوسٹنگ کا مطالعہ کر سکیں گے اور متعلقہ کمپنیوں کے ساتھ براہ راست کام کرکے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے جس سے دائرہ کار میں بہتری آئے گی اور اس عمل میں پاکستان کے آئی ٹی ایکو سسٹم میں بھی بہتری آئے گی۔ پورٹل آئی ٹی کمپنیوں میں انٹرنیز کی بھرتی میں بھی مددگار ہو گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ نوجوان معاشرے کا وسائل مند طبقہ ہیں، ہمارے نوجوانوں میں زبردست صلاحیت ہے اور وہ ملک کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں شامل کرنا بہت ضروری ہے تاکہ وہ قومی تعمیر میں کردار ادا کرنے کےلئے آگے آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کا مستقبل روشن ہے۔ اس موقع پر پی ایس ای بی نے اکیڈمیہ اور انڈسٹری میں ڈیجیٹل پاکستان انٹرن شپ پورٹل کے فروغ کےلئے ایچ ای سی اور ای کامرس گیٹ وے کے ساتھ ایم او یو پر دستخط بھی کئے۔