مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد کا پاک چین آزادانہ تجارتی معاہدے کے بارے میں سیمینار سے خطاب

اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر تجارت و ٹیکسٹائل عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ چین پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدہ (سی پی ایف ٹی اے) کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات کو زیادہ اہمیت دی جا سکتی ہے کیونکہ اس مرحلے میں کاروباری برادری کو زیادہ تحفظ فراہم کیا گیا ہے، چین نے 313 مصنوعات کے لئے ٹیرف کی حد صفر کر دی ہے، آزادانہ تجارتی …

اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر تجارت و ٹیکسٹائل عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ چین پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدہ (سی پی ایف ٹی اے) کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات کو زیادہ اہمیت دی جا سکتی ہے کیونکہ اس مرحلے میں کاروباری برادری کو زیادہ تحفظ فراہم کیا گیا ہے، چین نے 313 مصنوعات کے لئے ٹیرف کی حد صفر کر دی ہے، آزادانہ تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے میں جو چیزیں رہ گئیں وہ دوسرے مرحلے میں ٹھیک کی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک۔چین آزادانہ تجارتی معاہدے (سی پی ایف ٹی اے) کے بارے میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا انعقاد ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے کیا تھا۔ سیمینار میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، وومن چیمبر آف کامرس، ایگرو فوڈ، جیمز سٹون جیولری، ماربل، کیمیکل اور دیگر شعبوں سے وابستہ کمپنیوں سمیت بڑی تعداد میں تاجر برادری نے شرکت کی۔ عبدالرزائق داﺅد نے کہا کہ پاک چین آزادانہ تجارتی معاہدے پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، معاہدہ دوم کے تحت چین نے پاکستان کو وہ مراعات دی ہیں جو آسیان ممالک کو دی جانے والی مراعات کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے برآمدی شعبے کو مسابقت کی فضا فراہم کی گئی ہے، چین کی جانب سے تین سو تیرہ اشیا پر ٹیرف کی حد صفر کر دی گئی ہے جو ہماری برآمدات کے اسی فیصد کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کو بڑھائے بغیر ترقی نہیں کی جا سکتی۔ ایڈیشنل سیکرٹری تجارت نے سی پی ایف ٹی اے کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سی پی ایف ٹی اے کے تحت ملکی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور چین کو زیادہ برآمدات کی جا سکیں گی، اس میں نجی شعبے کا کردار بھی بہت اہم ہو گا۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے سیمینار کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ٹی ڈی اے پی نے سیمینار کا انعقاد کر کے کاروباری برادری کے لئے آسانی پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری معاشی ترقی کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے پرعزم ہے۔