وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو اقتدار کا کوئی لالچ نہیں ہے، وہ 22 سال کی طویل جدوجہد کے بعد ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کی خوشحالی کے مشن کے ساتھ اقتدار میں آئے ہیں ، انہیں کوئی بلیک میل نہیں کر سکتا، وہ ملک سے کرپشن مافیا اور سٹیٹس …

اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو اقتدار کا کوئی لالچ نہیں ہے، وہ 22 سال کی طویل جدوجہد کے بعد ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کی خوشحالی کے مشن کے ساتھ اقتدار میں آئے ہیں ، انہیں کوئی بلیک میل نہیں کر سکتا، وہ ملک سے کرپشن مافیا اور سٹیٹس کو کو ختم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، سابقہ حکومتوں نے بے دردی سے قومی خزانے کو لوٹا اور یہی لوگ حالیہ مہنگائی کے ذمہ دار ہیں لیکن موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، پی ٹی آئی حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ 2023ءمیں کارکردگی کی بناءپر دوبارہ جیت کر اقتدار میں آئے گی۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب اور تبدیلی کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئے ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا امیج خراب ہوا تاہم موجودہ حکومت پاکستان کا کھویا ہوا تشخص بحال کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ علی محمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے صحت، تعلیم اور زراعت پر کوئی توجہ نہیں دی، پی ٹی آئی حکومت نے ڈیڑھ سال کے قلیل وقت میں عوامی مفادات کیلئے کئی اہم قانون سازیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد ہے، ن لیگ اور پی پی پی کی سیاست دن بدن ختم ہو رہی ہے اور پی ٹی آئی حکومت 2023ءمیں عام انتخابات جیت کر دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ معاملات خراب ہوتے ہیں تو ٹھیک بھی ہو جاتے ہیں، اتحادیوں کو وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد ہے اور موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے پاکستان سٹیل ملز، پاکستان ریلوے، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز اور یوٹیلیٹی سٹورز سمیت قومی ادارے تباہ ہوئے، سٹیل مل جو ساڑھے نو ارب روپے منافع دے رہی تھی، ن لیگ اور پی پی پی کے دور حکومت میں وہی ادارہ 200 ارب سے زائد خسارے میں چلی گئی تاہم ہماری حکومت اداروں کے استحکام اور ملک کے فرسودہ نظام کو ٹھیک کرنے کرنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔