وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کینیا کی اپنی ہم منصب ریشلیا اومامو سے ملاقات

نیروبی ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کینیا، مشرقی افریقی خطے کا ”گیٹ وے“ ہے، پاکستان کینیا سمیت افریقی ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو نیروبی میں کینیا کی اپنی ہم منصب ریشلیا اومامو سے ملاقات کے دوران کہی۔ بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات، سیاسی و اقتصادی تعاون کے …

نیروبی ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کینیا، مشرقی افریقی خطے کا ”گیٹ وے“ ہے، پاکستان کینیا سمیت افریقی ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو نیروبی میں کینیا کی اپنی ہم منصب ریشلیا اومامو سے ملاقات کے دوران کہی۔ بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات، سیاسی و اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے ریشیلیا اومامو کو وزارت خارجہ جمہوریہ کینیا کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کینیا مشرقی افریقی خطہ کا ”گیٹ وے“ ہے، پاکستان کینیا سمیت افریقی ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو نہایت اہم سمجھتا ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنی کینیا ہم منصب کو پاکستان کی نئی سفارتی ترجیحات بتاتے ہوئے ”انگیج افریقہ“ وژن کے خدوخال سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کے بعد کینیا پاکستانی مصنوعات کےلئے سب سے بڑی تجارتی منڈی ہے، پاکستان کا سفید چاول کینیا میں بہت پسند کیا جاتا ہے جبکہ کینیا سے درآمد کی جانے والی چائے کو پاکستان میں بہت پذیرائی حاصل ہے۔ کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ٹریڈ کانفرنس کا انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ ہمارے نزدیک کینیا بالخصوص اور افریقہ بالعموم کس قدر اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ کے سپیکر مارچ 2020ءمیں کینیا، روانڈا اور یوگنڈا کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ افریقی ممالک میں بہت سے سفارتکار پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی کے تربیت یافتہ ہیں اور وہ پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین روابط کو مستحکم بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افریقی یونین میں شمولیت کا متمنی ہے، امید ہے کہ کینیا اس سلسلہ میں پاکستان کی معاونت کرے گا۔ وزیر خارجہ نے اپنی کینیا ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے کینیا کی جانب سے بھرپور آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ دونوں وزراءخارجہ نے پاکستان اور کینیا کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے سفارتی کاوشیں بروئے کار لانے، اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کو بڑھانے اور زیر التواءمعاہدوں کی جلد توثیق کی اہمیت پر زور دیا۔ کینیا کی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کینیا آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے مشرقی افریقہ بالخصوص جمہوریہ کینیا کے ساتھ روابط کو اپنی سفارتی ترجیحات میں شامل کرنے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے کینیا کی وزیر خارجہ ایمبیسڈر ریشیلیا اومامو کو اپنی اولین فرصت میں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔