معاون خصوصی امور نوجوانان محمد عثمان ڈار سے یو اے ای کے سفیر حماد عبید الزابی کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد عثمان ڈار نے مختلف شعبوں میں تعاون پر متحدہ عرب امارات کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں چھوٹے …

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد عثمان ڈار نے مختلف شعبوں میں تعاون پر متحدہ عرب امارات کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے ولی عہد شیخ محمد بن زید کے 200 ملین ڈالر کے اعلان کو سراہا، اس تعاون سے ایس ایم ای کی سطح پر معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں یقینی مدد ملے گی جس سے نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، ان کی صحت اور تعلیم کے شعبوں میں معاونت بھی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اور کامیاب انٹرپرینیور دبئی ایکسپو 2020ءمیں اپنی کامیابیوں کو پیش کر سکتے ہیں، نوجوانوں کو بالخصوص متحدہ عرب امارات کے دورہ کے دوران پہلی قائم کردہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس یونیورسٹی کا دورہ کرنا چاہئے جس سے انہیں سیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کیلئے وزیراعظم کامیاب جوان کے تحت پروگراموں سے متعلق متحدہ عرب امارات سمیت تمام دوست ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، اس پر بھی ہم اپنے شراکت دار یو این ڈی پی کے ساتھ مل کر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت یوتھ انٹرپرینیور شپ سکیم کیلئے 100 ارب روپے اور ہنر سب کیلئے 30 ارب روپے مختص کئے ہیں، ان منصوبوں سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے سٹارٹ اپ پروگرام، گرین یوتھ موومنٹ، نیشنل انٹرن شپ پروگرام اور نیشنل ہیلتھ یوتھ موومنٹ شروع کئے جائیں گے۔ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ولی عہد شیخ محمد بن زید پاکستان میں صحت، تعلیم اور نوجوانوں سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ انہوں نے جنوبی وزیرستان، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں تعلیمی شعبہ میں متحدہ عرب امارات کی حکومت کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سکولوں میں اساتذہ کو جدید سازوسامان کے تناظر میں تربیت فراہم کرنے کیلئے بھی کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین کیلئے 20 ملین ڈالر کی لاگت سے مستقل ڈھانچہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی ایکسپو 2020ءمیں پاکستان پویلین میں نوجوانوں کیلئے خصوصی کارنر سے پاکستانی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا موقع ملے گا۔ ڈاکٹروں، انجینئروں اور مزدوروں سمیت 17 لاکھ پاکستانی متحدہ عرب امارات کی کامیابی کیلئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔