اپوزیشن جماعتیں اپنے سیاسی مفادات کے لیے احتجاج کر رہی ہیں، یہ عوام کے وہ مجرم ہیں جنہوں نے اس قوم کو غربت، قرض اور مہنگائی کی دلدل میں دھکیلا،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ٹویٹ

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کا خون چوس کرغریبوں کے پیسے پر پلنے والے آج حکومت میں کفیل ڈھونڈ رہے ہیں، مافیا کے سرغنہ لندن میں ہیں، خواجہ آصف صاحب کو چاہیے وہاں رابطہ کریں، پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہراپوزیشن جماعتوں کا احتجاج ان کی سیاسی محرومیوں کے ماتم …

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کا خون چوس کرغریبوں کے پیسے پر پلنے والے آج حکومت میں کفیل ڈھونڈ رہے ہیں، مافیا کے سرغنہ لندن میں ہیں، خواجہ آصف صاحب کو چاہیے وہاں رابطہ کریں، پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہراپوزیشن جماعتوں کا احتجاج ان کی سیاسی محرومیوں کے ماتم کے سوا کچھ نہیں۔ بدھ کو معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عوام کے لئے نہیں اپنے سیاسی مفادات کے لیے احتجاج کر رہی ہیں، ان کے پیٹ میں عوام کی ہمدردی کا نہیں بلکہ اپنی کرپشن اور اقتدار کا درد ہو رہا ہے۔ احتجاج کرنے والے عوام کے وہ مجرم ہیں جنہوں نے اس قوم کو غربت، قرض اور مہنگائی کی دلدل میں دھکیلا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ ان لوگوں کے نمائندے ہیں جنہوں نے پاکستان کے ہوائی اڈے تک عالمی اداروں میں گروی رکھے، یہ ان لوگوں کا احتجاج تھا جو عوام کے خرچے پر اب بھی مزے اڑا رہے ہیں، اقتدار میں رہ کر انہوں نے قوم سے اس کی زندگی اور مستقبل چھین لیا۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کے دور کی کرپشن ہے جس کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، ابو اور پھوپھو سے کہیں کہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کر دیں، مہنگائی ختم ہو جائے گی۔