صوبائی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے بہترین منصوبوں پر کام کر رہی ہے ،خیبرپختونخواکے وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی کی لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو

لاہور۔12 فروری(اے پی پی )خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے بہترین منصوبوں پر کام کر رہی ہے لیکن ان کے کاموں کوملکی سطح پر اجاگرنہیں کیا جارہا ،پشاوربی آرٹی کے منصوبے کی لاگت لاہور میٹروٹرین سے کم ہے جو اپریل میں عوام کے لئے آپریشنل کردیاجائے گا، فاٹاکا انضمام کا معاملہ ایک سال میں حل ہوا ، …

لاہور۔12 فروری(اے پی پی )خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے بہترین منصوبوں پر کام کر رہی ہے لیکن ان کے کاموں کوملکی سطح پر اجاگرنہیں کیا جارہا ،پشاوربی آرٹی کے منصوبے کی لاگت لاہور میٹروٹرین سے کم ہے جو اپریل میں عوام کے لئے آپریشنل کردیاجائے گا، فاٹاکا انضمام کا معاملہ ایک سال میں حل ہوا ، اب وہاں پولیس اور عدالتوں نے کام شروع کردیاہے ،قبائلی اضلاع میں ہیلتھ کارڈز سوفیصد مہیاکردیئے گئے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں رواں سال میں ہیلتھ کارڈزمہیا کردیئے جائیں گے۔ وہ بدھ کے روز لاہور پریس کلب میں اپنے دورہ کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات کر رہے تھے۔صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، نائب صدر قذافی بٹ، سیکرٹری بابرڈوگر ،ممبرگورننگ باڈی شاہد چوہدری اور ممبران کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ شوکت یوسف زئی نے بتایاکہ وزیراعظم نے فاٹا کی ترقی کے لئے سو ارب کے پیکج کا اعلان کیاتھا جس میں سے پچاسی ارب منظوری کے بعد ترقیاتی کاموں پر عملدارآمد شروع ہونے جارہاہے۔ انھوںنے مزید کہاکہ ٹورازم کے حوالے سے وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں کیونکہ خیبرپختونخوا ناصرف قدرتی طورپر دنیاکا خوبصورت ترین خطہ ہے بلکہ تاریخی اعتبارسے بھی ایک منفرد حیثیت کا حامل ہے، صرف دنیاکی توجہ اس جانب مبذول کراناہے۔ان کا کہناتھاکہ سوات موٹروے صوبائی خزانے سے بنائی اور ڈی آئی خان موٹروے کے منصوبے پر بھی جلد عملدارآمد کیا جائے گا جب کہ دیگر صوبوں میں موٹروے کے منصوبے قومی خزانے سے بنائے جارہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ ملک میں مہنگائی کوتسلیم کرتے ہیں لیکن کوئی بھی اس مہنگائی کی وجوہات پر غور نہیں کرتا، ہماری حکومت سابقہ ادوارمیں لئے گئے قرضوں کو اتارنے میں زیادہ توجہ دے رہی ہے اور ملک کے گیارہ ارب کے قرضے واپس کردیئے ہیں ، ہماراٹارگٹ ہے کہ ملک کے تمام قرضے جلد اداکرکے مہنگائی پر قابو پایاجائے۔ قبل ازیں ارشدانصاری نے معززمہمان کو کلب آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا پاکستان کاایک خوبصورت اور اہم صوبہ ہے، صوبائی حکومت عوامی فلاح وبہبود کے بہترین منصوبوںپرگامزن ہے جس کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہوگئے ہیں۔تقریب کے اختتام پر معززمہمان کو کلب کی جانب سے پھول پیش کئے گئے۔