اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امن مشنز کیلئے پاکستانی دستوں کی خدمات کے حوالہ سے تصویری نمائش کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد ۔ 17 فروری (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے مرکز برائے بین الاقوامی امن و استحکام میں امن مشنز کیلئے پاکستانی دستوں کی خدمات کے حوالہ سے تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ پیر کو سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ جو پاکستان کے چار روزہ دورہ پر ہیں، نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا …

اسلام آباد ۔ 17 فروری (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے مرکز برائے بین الاقوامی امن و استحکام میں امن مشنز کیلئے پاکستانی دستوں کی خدمات کے حوالہ سے تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ پیر کو سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ جو پاکستان کے چار روزہ دورہ پر ہیں، نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کا کردار کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کے بعد امن مشنز کیلئے پاکستانی دستوں کی خدمات کے حوالہ سے تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا۔ یہ نمائش پاکستان کے اقوام متحدہ کے ساتھ 6 دہائیوں پر محیط سفر کی کہانی ہے، پاکستان کے پہلے امن دستے کی کانگو میں 1960ءمیں تعیناتی بھی نمائش کا حصہ ہے۔ تصویری نمائش میں پاکستان کی امن کاوشوں اور عالمی امن کیلئے خدمات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ نمائش میں پاک فوج کی 1960ءسے 28 ممالک اور 46 امن مشنز میں خدمات کا تصویری احاطہ کیا گیا ہے۔ نمائش میں امن مشنز میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 157 پاکستانی جوانوں کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ سیکرٹری جنرل انتوییو گوتریس کا امن کیلئے ایکشن پروگرام بھی نمائش کا حصہ ہے۔ تصویری نمائش میں مختلف امن مشنز میں 78 پاکستانی خواتین کی خدمات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے تصویری نمائش میں گہری دلچسپی لی۔ وہ ہر سٹال پر گئے اور آویزاں کی گئیں تصاویر کے حوالہ سے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے۔ بعد ازاں گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام نے جس طرح افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کی ہے اس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان نے نہ صرف پناہ گزینوں کیلئے اپنی سرحدیں بلکہ اپنے دل اور گھروں کے دروازے بھی کھولے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن مشنز میں شاندار خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہمان نوازی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکر گزار ہوں، پاکستان امن مشنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑی، پاکستان میں گذشتہ کچھ برسوں میں سکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی دستے مہارت اور بہترین صلاحیتوں سے لیس ہیں اور امن مشنز میں جدت لانے کے حوالہ سے بھی پاکستان کی بڑی خدمات ہیں۔ انہوں نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار اور اقوام متحدہ کثیر الجہتی نظام کے حوالہ سے عزم کو بھی سراہا۔

مزید خبریں