فرینکفرٹ کےلئے براہ راست فلائٹ آپریشن زیر غور ہے،وفاقی وزیر غلام سرور خان

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ فرینکفرٹ کےلئے براہ راست فلائٹ آپریشن زیر غور ہے۔ وہ جرمنی میں پاکستان کے نئے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین فلائٹ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہوائی جہازوں کی …

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ فرینکفرٹ کےلئے براہ راست فلائٹ آپریشن زیر غور ہے۔ وہ جرمنی میں پاکستان کے نئے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین فلائٹ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہوائی جہازوں کی کم تعداد کی وجہ سے کچھ روٹس منقطع کر دیئے گئے تھے لیکن اب نئی ایوی ایشن پالیسی کے تحت اس سال پی آئی اے کے بیڑے (پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن) میں پانچ نئے ہوائی جہاز شامل کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پی آئی اے کے نئے ہوائی جہاز جرمنی میں پروازوں کے عمل میں بہتری لائیں گے۔ ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ جرمنی میں 1.5 لاکھ بیرون ملک پاکستانی مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لفتھانسا کے فلائٹ آپریشن کا دوبارہ آغاز بھی پاکستان کے مثبت تشخص کو پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر فیصل نے سیکرٹری ایوی ایشن حسن ناصر جامی سے بھی ملاقات کی۔ سیکرٹری ایوی ایشن نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان فلائٹ آپریشن بڑھانے پر زور دیا۔ اس موقع پر سینئر جوائنٹ سیکرٹری عبدالستار کھوکھر بھی موجود تھے۔