چین ہمارا آزمودہ دوست ہے ،اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام اپنے چینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنے دوستوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرتے رہیں گے،چین میں پاکستان کی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی کا چینی اخبار” پیپلز ڈیلی“ کو انٹرویو

بیجنگ ۔ 18 فروری (اے پی پی) چین میں پاکستان کی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے کہا ہے کہ چین ہمارا آزمودہ دوست ہے ،اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام اپنے چینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنے دوستوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرتے رہیں گے۔ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے چینی حکومت کی کاوشوں کا مقصد صرف اپنے عوام کا تحفظ نہیں بلکہ وہ مجموعی …

بیجنگ ۔ 18 فروری (اے پی پی) چین میں پاکستان کی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے کہا ہے کہ چین ہمارا آزمودہ دوست ہے ،اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام اپنے چینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنے دوستوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرتے رہیں گے۔ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے چینی حکومت کی کاوشوں کا مقصد صرف اپنے عوام کا تحفظ نہیں بلکہ وہ مجموعی طور پر انسانیت کی صحت اور فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے۔ چینی اخبار پیپلز ڈیلی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے چین میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کو گہرا دکھ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اپنے شہریوں کی صحت یقینی بنانے کے لئے چین کی قیادت ، حکومت اور عوام نے فیصلہ کن اور موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ چین اس چیلنج سے کامیابی سے نمٹنے کی صلاحیت و قابلیت رکھتا ہے اور اس حوالے سے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک غیر متوقع بحران پر قابو پانے کے لئے چین نے موثر حکمت عملی اپنائی جس کا اعتراف کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وبا کی روک تھام کی جدوجہد پر صحت عامہ کے کارکنوں اور مقامی حکام کے علاوہ چین میں موجود پاکستانی رضاکار بھی بجا طور پر انسانیت کے ہیرو کہلائے جانے کے حقدار ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ہم نے پاک چین تعاون کی بہترین روایات کو قائم رکھا ،ہر موڑ پر معلومات کا تبادلہ کیا اور وائرس سے بچاو¿ کے حوالے سے باہمی مشاورت کی کیونکہ عوام کی سلامتی اور بہبود کو یقینی بنانا ہمارا مشترکہ مقصد ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر خوشی ہے کہ چین کو بین الاقوامی سطح پر کافی پذیرائی ،اخلاقی اور مادی معاونت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس حقیقت کا ادراک ہے کہ چین دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت اور دنیا کا سب سے اہم تجارتی ملک ہے جس کا عالمی معیشت میں بڑا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے معاشی اثرات کا صحیح اندازہ لگانا ابھی قبل از وقت ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی حوالے سے چین کے بنیادی اصول مضبوط ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ موجودہ صورتحال کا چین کی مجموعی ترقی پر پڑنے والا اثرعارضی اور نسبتاً معمولی نوعیت کا ہو گا۔ انہوں نے ایک بار پھر کرونا وائرس کے خلاف چینی حکومت کی صلاحیتوں اور اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چینی قوم نے کرونا وائرس کے عارضی دھچکے پر قابو پانے کے لئے ایک شاندار باب رقم کیا ہے ۔