چئیرمین پاکستان اکانومی واچ بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان کی برطانوی سرمایہ کار اور آئی کے کلیکشنز کے سی ای او عمران خان سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے چئیرمین بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مراعات دی جا رہی ہیں، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کےلئے قوانین کو مزید بہتر بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے 16 جنوری کو ایک دن میں 536 ملین ڈالر …

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے چئیرمین بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مراعات دی جا رہی ہیں، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کےلئے قوانین کو مزید بہتر بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے 16 جنوری کو ایک دن میں 536 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے جبکہ گزشتہ سات ماہ میں ٹریژی بلز میں 2.23 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے جو توقعات سے بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی سرمایہ کار اور آئی کے کلیکشنز کے سی ای او عمران خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے اختتام تک غیر ملکی سرمایہ کاری 5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے جس سے معیشت مزید مستحکم ہو جائے گی، غیر ملکی سرمایہ کار اپنا منافع واپس لے جانے کی بجائے دوبارہ پاکستان میں ہی سرمایہ کاری کر رہے ہیں کیونکہ انہیں دیگر ممالک کے مقابلہ میں 20 فیصد زیادہ منافع مل رہا ہے۔ ابتدائی طور پر امریکی اور برطانوی سرمایہ کاروں نے پاکستان کا رخ کیا تاہم اب متحدہ عرب امارات، بحرین، آئرلینڈ، لکسمبرگ اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں نے بھی پاکستانی مارکیٹ کا رخ کر لیا ہے جس میںحکومت کی مثبت پالیسیوں اور پاکستان میں کام کرنے والے غیر ملکی بینکوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ انہوں نے متعدد اعلیٰ حکام سے تفصیلی ملاقاتیں کی ہیں اور وہ نتائج سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے اور ان کا پاکستان سے ایک جذباتی تعلق اور لگاﺅ ہے اور وہ اس رشتے کو مستحکم کرنے کےلئے یہاں بھاری سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ برطانیہ میں مقیم دیگر سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان کے مثبت حالات سے آگاہ کریں گے اور انہیں سرمایہ کاری کےلئے راغب کریں گے تاکہ ملکی ترقی کی رفتار بڑھائی جا سکے۔