پچیس ممالک کے مڈ کیریئر 33 غیر ملکی سفارتکاروں کے وفدکاسرمایہ کاری بورڈ کا دورہ

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) پچیس ممالک کے مڈ کیریئر 33 غیر ملکی سفارتکاروں کے وفد نے سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) کا دورہ کیا اور سرمایہ کاری بورڈ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل فرینہ مظہر سے ملاقات کی۔ سفارتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی او آئی سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان میں سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے والا …

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) پچیس ممالک کے مڈ کیریئر 33 غیر ملکی سفارتکاروں کے وفد نے سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) کا دورہ کیا اور سرمایہ کاری بورڈ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل فرینہ مظہر سے ملاقات کی۔ سفارتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی او آئی سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان میں سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے والا قومی ادارہ ہے جو معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ، مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے منصوبوں کی جلد تکمیل میں معاونت اور ملک میں کاروباری آسانیوں کی فراہمی کے مقاصد کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وفد کو خصوصی طور پر بتایا کہ پاکستان آزادانہ سرمایہ کاری کا ماحول فراہم کرتا ہے جو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے یکساں مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پاکستان صارف کی معیشت تھی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ پالیسی سازی کے تحت قومی قیادت پاکستان کو برآمدات کی معیشت بنانے کیلئے اقدام کر رہی ہے اور کاروباری آسانیوں کی فراہمی اور تجارتی شعبہ کی اصلاحات کے تحت اس کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ فرینہ مظہر نے وفد کو بتایا کہ پاکستان نے دنیا بھر میں مختلف ممالک کے اپنے سفارتخانوں میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز تعینات کئے ہیں تاکہ قومی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے سرمایہ کاری بورڈ کی ویب سائٹ کا بھی خصوصی ذکر کیا جو مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے جس میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔